The news is by your side.

ریڈیو چین سےاردو نشریات کے پچاس سال

چائنا ریڈیو انٹرنیشنل‘ عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری ریڈیو اسٹیشن ہے جس کی نشریات کا آغاز تین دسمبر  1941 کو ہوا۔ اس کی نشریات دنیا بھرمیں سنی جاتی ہیں اوراس کے قیام کا مقصد دنیا کو چین کے بارے میں آگاہ کرنا، چینی عوام اوردنیا کو ایک دوسرےسے سے قریب لانا ہے، چائنا ریڈیو انٹرنیشنل‘ تینتالیس زبانوں میں اپنے  پروگرام نشر کرتا ہے جس میں اردو زبان سرفہرست ہے۔

ریڈیو چین کی اردو سروس ایک کامیاب اورمقبول ترین سروس ہے جسے یکم اگست 2016 کو پروگرام نشرکرتے ہوئے آج پچاس برس ہوگئے ہیں، اردو نشریات کا آغازیکم اگست 1966 کو ہوا جو پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی ایشائی ملکوں میں سنی جاتی ہیں۔ ریڈیو چین اردو سروس  سے دن میں ایک گھنٹے کے پروگرام تین دفعہ نشر کیے جاتے ہیں۔

china

ابتدائی دورمیں یہ نشریات میڈیم ویو کے علاوہ کلوہرٹزپرہی نشر کی جاتی تھیں لیکن جوں جوں ریڈیو نے اپنی شکل تبدیل کی اسی طرح ریڈیو چین کی نشریات میں بھی کئی تبدیلیاں رونما ہوئیں اور اب یہ نشریات مقامی ایف ایم ریڈیو کے تعاون سے پاکستان کے کئی علاقوں میں نشر کی جاتی ہیں جبکہ اردو نشریات کے پروگرام انٹرنیٹ اور موبائیل ایپ کی ذریعے بھی سنے جاسکتے ہیں۔

ریڈیو چین سے نشر ہونی والی عالمی خبریں منصفانہ اورغیرجانبدارانہ ہوتی ہیں جبکہ حالات حاضرہ پربہترین تجزیے بھی سننے کو ملتے ہیں، اردو سروس سے نشر ہونے والے پروگراموں کو بھی اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ چینی ثقافت اوراس سے ہم آہنگ پاکستانی ثقافت کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے۔ ہرشعبہ ہائے زندگی سے متعلق پروگرام نشر کیے جاتے ہیں، پاکستانی طلبہ کے لیے بہت سے پروگرام نشر ہوتے ہیں جن میں چین میں تعلیم پذیر طلبہ سے بات چیت پرمبنی پروگرام ہوتے ہیں جن سے ان طلبہ کو بہت مدد ملتی ہے جو اعلیٰ تعلیم کے لیے چین جانا چاہتے ہیں۔

chinaaaa

پاکستان کے خصوصی دنوں یا تہواروں کے حوالے سے بھی پروگرام نشر کیے جاتے ہیں ایک بہت دلچسپ بات یہ کہ ریڈیو چین سے نشرہونے والے پروگرام پاکستانی میزبانوں کے ساتھ ساتھ چینی میزبان بھی نشرکرتے ہیں جو نہایت عمدہ اردو بولتے ہیں جبکہ نشریات کے علاوہ ریڈیو چین کی اردو سروس سے باقاعدہ ایک رسالہ ’نوائے دوستی‘ بھی شائع کیا جاتا ہے، چینی زبان سیکھنے کے خواہش مند اردو سروس سے روزانہ کی بنیاد پر نشر ہونے والے پروگرام آئیے چینی سیکھیں سے با آسانی چینی زبان سیکھ سکتے ہیں ساتھ ہی چینی زبان سیکھنے کے خواہش مندوں کو ریڈیو چین کی جانب سے چینی زبان سیکھانے کی کتب بھی بغیر کسی معاوضے کے بھیجی جاتی ہیں۔

Nawae dosti

ریڈیو چین کی اردو سروس سننے والوں کی جہاں بڑی تعداد دنیا بھرمیں ہے وہیں ایک بہت بڑی تعداد میں ریڈیو چین کے سامعین پاکستان میں بھی موجود ہیں جو باقاعدگی سے ان پروگراموں کو سنتے ہیں اور ان کے بارے میں اپنی رائے بھی دیتے ہیں، پاکستان کے کئی علاقوں میں ریڈیو چین سننے والے سامعین نے سامعین کلب یا سامعین سوسائٹی بھی بنائی ہوئی ہیں جس کے تحت اکثرچینی ثقافتی نمائشیں بھی منعقد کی جاتی ہیں،ریڈیو چین کا عملہ بھی اپنے سننے والے سامعین سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے اورپروگراموں کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیے سننے والوں سے مشورے لیے جاتے ہیں، پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات بہت پرانےاور مستحکم ہیں اور ریڈیو چین کا اس حوالے سےکردار ہمیشہ اہم اور قابل تعریف رہا ہے۔

ریڈیو چین کی اردو سروس کی جانب سے اپنے سننے والوں کے درمیان کئی انعامی مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں اورکئی ایسے بھی انعامی مقابلے کرائے جاتے ہیں جن میں کامیابی حاصل کرنے والے سامع کو ریڈیو چین اردو سروس کی جانب سے چین مدعو کیا جاتا ہے۔  گذشتہ پچاس برسوں میں کئی سامعین چین کی سیرکرچکے ہیں۔ ریڈیو چین کا ’ریڈیو پیکنگ‘ کے نام سے چلنے والا یہ کارواں آج تک نہایت کامیابی سے رواں دواں ہے  جس کا موجودہ نام چائنا ریڈیو انٹرنیشنل ہے ان پچاس سالوں میں ریڈیو چین کی اردو نشریات سننے والے سامعین میں بہت اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ،ہماری دعا ہے کہ ریڈیو چین اسی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک اور اس کی عوام میں محبتیں اور قربتیں پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں