The news is by your side.

فلم ریویو: کیری آن

فلمی دنیا میں کئی ایسی کہانیاں ہیں، جن پر ایک سے زائد فلمیں بنائی گئی ہیں، لیکن ان میں سے کچھ ہی فلمیں ایسی ہوتی ہیں، جنہوں نے موضوع سے انصاف کیا ہوتا ہے۔ فلم کیری آن کرسمس کے موقعے پر ایئر پورٹ کی سیکورٹی اور اس کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ امریکا کے ایک شہر میں واقع ایئر پورٹ لاس اینجلس کو سنگین خطرے کا سامنا ہے اور ایک فرض شناس سیکورٹی افسر اپنی جان پر کھیل کر ہزاروں لوگوں کی جان بچاتا ہے۔ فلم اس سیکورٹی افسر کی اس جدوجہد کی بہترین عکاسی کرتی ہے۔

نیٹ فلیکس پر ریلیز کی گئی فلم کیری آن مزید کیسے اپنے موضوع سے انصاف کرتی ہے، اس کے لیے مکمل تبصرہ پڑھیے۔

کہانی/ اسکرپٹ

امریکی شہر لاس اینجلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعینات ایک سیکورٹی افسر جس کا نام ایتھن کوپیک ہے، اپنے کام سے مخلص اور ایک ذمہ دار شخص ہے۔ اس کی محبوبہ اور ہونے والی بیوی بھی اس کے ساتھ ہی ایئر پورٹ پر کام کرتی ہے۔ ایتھن اور اس کا تعلق نہایت خوش گوار ہے، لیکن اب ان کی زندگی میں کچھ تبدیلیاں متوقع ہیں۔ اس کی محبوبہ اسے اپنا پرانا خواب پورا کرنے کو کہتی ہے اور وہ خواب تھا پولیس کے محکمے میں ملازمت کرنا، جو ایک بار امتحان میں ناکامی کی وجہ سے اب ایک دلبرداشتہ شخص کا شکستہ خواب بن کر رہ گیا ہے۔carry on movie ایتھن ایئر پورٹ پر اپنی پروموشن کے لیے مزید قابلیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامان کی اسکیننگ کرنے والی مشین پر ڈیوٹی کرنے کی درخواست کرتا ہے، جسے قبول کر لیا جاتا ہے۔ ایک روز ڈیوٹی کے دوران ایتھن کوپیک کو ایک ایئر بڈ (کان میں لگا کر سماعت کرنے کا آلہ) موصول ہوتا ہے، جس کے ذریعے اس کا ایک بے رحم کرائے کے قاتل سے رابطہ ہوتا ہے، اور وہ اسے حکم دیتا ہے کہ ایک مخصوص کیری آن کیس یعنی ایک اٹیچی کیس کو سکینر سے گزرنے دے ورنہ اس کی ہونے والی بیوی نورا کو مار دیا جائے گا۔

اس کرائے کے قاتل کی پوری ٹیم ایئر پورٹ پر موجود ہوتی ہے، اور کیمروں کی مدد سے ایتھن کی ہر حرکت کی نگرانی کی جارہی ہوتی ہے۔ اس جان لیوا صورتِ حال میں ایتھن کوپیک ہر ممکن کوشش کرتا ہے کہ وہ اپنے افسران کو خبردار کر سکے کہ ایئر پورٹ دہشت گردوں کے گھیرے میں ہے۔ دہشت گرد اسے جس سامان کو بغیر رکاوٹ پیدا کیے کلیرنس دینے کا کہتے ہیں، اس میں خطرناک اور مہلک مواد ہوتا ہے، جس سے ہزاروں جانیں جاسکتی ہیں۔ اس تمام صورت حال میں ایئر پورٹ کے کئی افسروں کو قتل کر دیا جاتا ہے۔ دہشت گرد کس طرح یہ سارے کام انجام دیتے ہیں، یہ کہانی اس کو بخوبی بیان کرتی ہے۔ ایتھن اس خوف ناک صورت حال کا سامنا کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کا پھل پاتا ہے اور اسے اپنے دیرینہ خواب کی تعبیر بھی مل جاتی ہے۔

فلم کیری آن کے اسکرپٹ رائٹر ٹی جے فکس مین ہیں، جنہوں نے اس پرانے اور روایتی انداز کے مرکزی خیال کو بالکل نئے پہلو سے لکھا اور سب سے بڑی بات کہانی کی رفتار تیز رکھی، جس کی وجہ سے کہانی میں کہیں دیکھنے والے کی دلچسپی کم نہیں ہو سکتی۔ تیز رفتار ردھم کے ساتھ کہانی معنی خیز ہوتی چلی گئی، جس پر اسکرپٹ نویس تعریف کے مستحق ہیں۔ چونکہ ان کا تعلق لاس اینجلس شہر سے ہی ہے، اس لیے انہوں نے اپنے شہر کے مرکزی ایئر پورٹ کے اردگرد کہانی کا تانا بانا اچھی طرح بُنا ہے۔ معمولی نوعیت کی غلطیوں کو نظر انداز کردیا جائے تو مجموعی طور پر فلم کی کہانی پُرلطف اور قابلِ تعریف ہے۔

پروڈکشن ڈیزائن

اس فلم کا پروڈکشن ڈیزائن بہت اچھا ہے۔ شہر کا انتخاب، ایئرپورٹ کی جگہ، اس سے متعلقہ علاقے، ان کی عکاسی، سینماٹو گرافی کے مختلف زاویے، یونیفارمز، دیگر کرداروں کے لباس اور فلم کی اچھی تدوین اور موسیقی نے کیری آن کو معیاری فلم بنا دیا ہے۔ اس فلم کے پروڈیوسر ڈیلان کلارک ہیں، جب کہ دو فلم ساز کمپنیوں ڈیلان کلارک پروڈکشن اور ڈریم ورک پکچرز نے مل کر اس کو بنایا ہے۔ مجموعی طور پر چالیس ملین ڈالرز کے بجٹ میں یہ فلم تیار ہوئی اور نیٹ فلیکس پر اس کو ریلیز کیا گیا۔ اس کا ایک شان دار پریمیئر بھی ہوا۔

ہدایت کاری و اداکاری

اس عمدہ فلم کے ہدایت کار جوم کولیٹ سیرا ہیں، جو ہسپانوی ہیں۔ امریکی طرز کی ہالی ووڈ فلموں کو اپنے مخصوص مزاج میں بنانے کی مہارت رکھتے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے ان نون، نان اسٹاپ، رن آل نائٹ، جنگل کروز وغیرہ بنائیں۔ ان کی ہدایت کاری کا خاصّہ ہے کہ یہ تیز ٹیمپو کی فلمیں بناتے ہیں۔ انہوں نے ولیم جون نیسن کے ساتھ کافی فلمیں بنائیں، اس سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ موصوف کے لیے ذہنی ہم آہنگی بھی ضروری چیز ہے، اور جس کے ساتھ ذہن مل جائے، اسی کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ کولمبیا کالج، ہالی ووڈ سے فلم کی پیشہ ورانہ تعلیم بھی حاصل کر چکے ہیں۔

اداکاری کے شعبے میں کوئی دو رائے نہیں کہ مرکزی کردار نبھانے والے ٹیرون ایجرٹن نے اپنے کردار سے انصاف کیا۔ ویلز سے تعلق رکھنے والے اس اداکار نے پوری فلم کا بوجھ، مرکزی کردار کے ذریعے اپنے کاندھوں پر اٹھایا اور اس میں کامیاب رہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ذیلی کرداروں میں سب سے بہتر کام، فلم میں ولن کا کردار نبھانے والے امریکی اداکار جیسن بیٹمین نے کیا۔ فلم کیری آن میں دیگر اداکاروں نے بھی اپنے حصے کا کام بہتر انداز سے کیا ہے۔ سیکورٹی سے تعلق رکھنے والے سارے کرداروں نے خاص طور پر اپنے کردار بڑی خوبی سے نبھائے ہیں، جس کی وجہ سے فلم میں دلچسپی کا عنصر پیدا ہوا اور ناظرین اکتاہٹ کا شکار نہیں ہوتے۔

عروج و پسندیدگی

پسندیدگی اور مقبولیت کا جائزہ لیا جائے، تو فلم کیری آن پاکستان میں ٹاپ ٹین کے چارٹ میں دس سے ہوتی ہوئی چار نمبر تک آگئی اور امید ہے کہ نمبر ون کی پوزیشن جلد حاصل کر لے گی۔ اس کے علاوہ دنیا میں ساٹھ سے زائد ممالک میں یہ نیٹ فلیکس کے چارٹ پر مقبول فلم ثابت ہو رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے کے باوجود فلم کیری آن ناظرین کو مسلسل اپنی جانب متوجہ رکھے ہوئے ہے۔ فلموں کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق اس کی ریٹنگ دس میں سے چھ اعشاریہ پانچ ہے، جب کہ روٹین ٹماٹوز کی ویب سائٹ پر یہ فلم سو میں سے چھیاسی فیصد مقبولیت حاصل کرنے والی فلم بنی اور اسکرین رینٹ ویب سائٹ پر دس میں سے پانچ اسٹارز حاصل کیے ہیں۔ گوگل کے صارفین کی رائے میں یہ فلم پانچ میں سے ساڑھے تین فیصد شان دار ہے۔ میٹ کریٹیک ویب سائٹ پر اس کی پسندیدگی کا تناسب سو میں سے اڑسٹھ فیصد ہے۔

حرفِ آخر

سب سے شان دار بات یہ ہے کہ فلم کی کہانی اتنی تیز ہے کہ دیکھنے والے اس سے اپنا دھیان نہیں ہٹا سکتے اور جب آپ مسلسل توجہ سے اس فلم کو دیکھیں گے تو یہ آپ کو اپنے اندر جذب کر لے گی اور آپ خود کو کہانی کا حصہ محسوس کرنے لگیں گے۔ یہی اس فلم کا کمال ہے۔

قارئین! آپ کو بھی جب فرصت ملے، فلم کیری آن ضرور دیکھیں۔ یہ آپ کا وقت ضائع نہیں ہونے دے گی۔ ایک روایتی موضوع پر جدید ترین تکنیک سے بنی فلم ایک تحفہ ہے اُن فلم بینوں کے لیے جو اچھی، معیاری اور مضبوط کہانی پر مبنی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

 

شاید آپ یہ بھی پسند کریں