The news is by your side.

سانحہ پشاور کے ایک شہید بچے کا اپنی ماں کے نام خط

اتاما علیتم(السلام و علیکم)

امی کیسی ہو آپ ۔۔ ؟ امی دو دن ہو گئے آپ نے میرا پوچھا تک نہیں ۔۔ اسکول یا ٹیوشن سے تھوڑا لیٹ ہو جاتا تھا تو کہتی تھیں کہ “میرا شہزادہ” اتنی دیر کہاں لگا دی؟ میں دروازے پر کتنی بار دیکھنے گئی تھوڑی، دیر اگر میں نہ آتا تو کہتی تھیں کہ میری جان ہی نکل جاتی اور اب دو دن سے میرا پوچھا بھی نہیں میں کٹی ہوں آپ سے۔ اچھا چلو دوستی کرلیں۔۔ اپنی دو انگلیاں ایسے کریں اور میری دو انگلیوں سے ملائیں۔۔ اب اس کو چومیں ۔۔ اب ہم پکے دوست بن گئے۔

امی آپ کو پتہ ہے میرے تمام کلاس فیلو اور اسکول کے فرینڈ بھی میرے ساتھ ہیں یہاں۔ امی آپ مجھے میرا نام لے کر بلاتی تھیں لیکن یہاں وہی دوست ہیں لیکن یہ سب میرا نام بھول گئے ہیں اور مجھے”شہید ،شہید” کہہ کر بلاتے ہیں۔۔امی یہ شہید کا مطلب کیا ہوتا ہے ؟

امی ۔۔امی یہ جگہ بہت خوبصورت ہے یہاں وہ گندے گندے انکل بھی نہیں ہیں جنہوں نے ہم سب کو گولیاں ماری تھیں وہ سمجھ رہے تھے کہ ہمیں مار دیں گے لیکن امی دیکھو ہم زندہ ہیں۔ہر کوئی ہمیں یاد کرتا ہے اور روز ہمارے لیے بہت زیادہ گفٹ آتے ہیں۔۔

امی یہاں ہر طرف مینگو لگے ہوئے ہیں ۔۔ لیکن امی آپ کو تو پتہ ہے کہ جب میں گھر میں ہوتا تھا تو پاپا مجھے مینگو کاٹ کے دیتے تھے
پاپا کہاں ہیں؟ مجھے پتہ ہے وہ یہی کہیں گے بیٹا میں تم سے ملنے نہیں آسکا کیونکہ آفس میں بہت کام تھا ۔۔۔ پاپا کو کہہ دینا کہ میں آپ سے ناراض ہوں پورے دو دن سے نہیں آئے ملنے نہ ہی کال کی ۔۔

امی یہاں۔۔ مِلک کے دریا بھی ہیں ۔۔لیکن میرا فیڈر تو گھر میں ہی رہ گیا تھا آپ نے کہا تھا کہ اسکول سے آجاؤ پھر تمہیں اچھا سا فیڈر بنا کے دوں گی۔ امی میرافیڈر بھیج دینا کیونکہ مجھے گلاس میں پینا نہیں آتا۔۔ لیکن امی فیڈر سے کیا ہو گا ۔ میں تو جب فیڈر پیتا تھا تو آپ مجھے اپنی گود میں لیٹا کر میرے بالوں میں ہاتھ پھیر تی تھیں اور چندا ماموں کی کہانی سناتی تھیں تب مجھے نیند آتی تھی۔۔ لیکن امی اب آپ تو آتی بھی نہیں ہیں

میں دو دن سے نہیں سویا ہوں ۔۔یہاں نیند ہی نہیں آتی۔

امی ۔۔ یہاں ہمارے ساتھ ہمارے اسکول کی پرنسپل اور مس بھی ہیں لیکن وہ اب نہ ہمیں ڈانٹتی ہیں نہ پڑھاتی ہیں،نہ ہوم ورک دیتی ہیں،یہاں تو کوئی اسکول ہی نہیں ہے۔

اور ہاں بھائی اور باجی کے پاس تو وقت ہی نہیں ہو گا ، بھائی کو کہہ دیناکہ اب نہ لے کہ جائیں مجھے اپنے ساتھ کھیلنے ،اب میں یہاں سارا دن اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلتا ہوں امی منع کرتی ہیں نہ پاپا۔

باجی کو تو فیس بک اور اپنی دوستوں کے پاس سے ٹائم ہی نہیں ہوگا۔۔ باجی سے کہہ دینا کہ جاؤ اب میں تمہیں کبھی تنگ نہیں کروں گا نہ تمہاری چیزیں خراب کروں گا۔

امی یہاں ہروقت میرے ساتھ  72 آنٹیاں ہوتی ہیں جو مجھ سے بہت پیار کرتی ہیں ۔۔ میں نے جب ان سے پوچھاکہ آپ کون ہیں توسب کہہ رہی تھیں کہ میرا نام “حور”ہے امی بھلا سب کا نام ایک جیسا تھوڑی ہوتا ہے ، جھوٹی کہیں کی۔۔

امی مجھے پتہ ہے آپ کو میری رائٹنگ اچھی نہیں لگے گی مگر امی یہاں کوئی میرا ہاتھ پکڑ کر نہیں لکھا رہا یہ سب میں خود لکھ رہا ہوں
اچھاامی اب میں لکھ لکھ کر تھک گیا ہوں مجھ سے اور نہیں لکھا جاتا۔ میرے ہاتھوں میں درد ہو رہا ہے ۔۔لیکن جب میں آپ کے پاس ہوتا تھا اور میرے ہاتھ درد کرتے تھے تو آپ چھومتی تھیں ۔۔ چلیں اب اس خط کو چھوم لیجئے گا ۔۔ میرے ہاتھ ٹھیک ہو جائیں گے۔

امی آپ اپنا خیال رکھنا اور ہاں ہر وقت زور سے کلمہ پڑھتی رہا کریں تاکہ سب کو آواز جائے کیونکہ جب ہمیں مارا گیا تھا تب کہا گیا تھا کہ کلمہ پڑھو۔!

پاپا ،بھائی اور باجی کو بہت پیار کرنا اور کہنا کہ آپ کے چھوٹو موٹو نے سلام بھیجا ہے
واسلام

Print Friendly, PDF & Email