تعلیم یافتہ نوجوانوں کی زندگی میں جاب انٹرویو ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے چاہے وہ کسی آسامی پر نوکری کے لئے انٹرویو ہو یا کسی تعلیمی میدان میں داخلے کا انٹرویو ہو۔ زیادہ تر نوجوانوں میں انٹرویو کے وقت پریشانی کے تاثرات دیکھے جاتے ہیں جو انٹرویو کے اختتام تک چہرے پر واضح موجود رہتے ہیں۔ انٹرویو بار بار دینا اس مسئلے کا حل نہیں کیوں کہ کئی لوگ پہلی بار میں ہی اچھا انٹرویو دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اچھا انٹرویو دینے کے لئے ہمیشہ کچھ باتوں کا خیال رکھنا آپ کےلئے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
درست شعبے کا انتخاب
بہتر ہو گا کہ درخواست دینے سے پہلے اپنا جائزہ لے لیا جائے کہ کیا آپ اس شعبے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟ کیا آپ کو اس شعبے کے بارے معلومات ہیں؟ کیا آپ کی تعلیم اس شعبے سے مطابقت رکھتی ہے؟ غلط شعبے کا انتخاب کرنے والے اکثر انٹرویو میں ناکام رہتے ہیں جس کی وجہ ذہنی مطابقت کا نہ ہونا اور معلومات کی کمی ہے۔
اپنے تعلیمی میدان میں دلچسپی
دیکھا گیا ہے کہ ماضی کی طرح آج کے نوجوان اپنی درسی کتب کا مکمل مطالعہ نہیں کرتے ہیں بلکہ اساتذہ کی طرف سے دیئے گئے اہم عنوانات کو ہی امتحان کے لئے دہرایا جاتا ہے ، اس عمل سے امتحانوں کی تیاری تو ہو جاتی ہے مگر اچھا انٹرویو دینے کی صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے جس کی وجہ مکمل معلومات کا نہ ہونا ہے۔
مطالعہ کی عادت
ماضی میں پڑھے لکھے نوجوان اپنے وقت کے معروف رائٹرز کی کتب پڑھ کر فائدہ اٹھاتے تھے مگر اس موبائلز اور کمپیوٹرز کے زمانے میں نوجوان اپنے کورس کی کتابوں کے علاوہ دوسری کتابیں پڑھنے کو وقت کا ضیاع سمجھتے ہیں ۔انٹرویو لینے والے امید کر رہے ہوتے ہیں کہ آپ ایک اچھے ریڈر ہوں گے ان کی امید پر پورا نہ اتر سکنا ناکام انٹرویو کی اہم وجہ ہے۔
مردوں کی نسبت خواتین امیدواروں سے زیادہ کڑے سوالات
عمدہ شخصیت کا مظاہرہ
انٹرویو کے دوران کمیٹی نے آ پ کی شخصیت میں کسی بھی لحاظ سے کوئی کمی ڈھونڈنی ہوتی ہے جبکہ آپ کا سب سے اہم کام یہی ہے کہ ان کے سامنے اپنی شخصیت کے اچھے پہلو رکھنے ہیں۔اپنے جذبات پر قابو ، اپنی سوچ کو مرکوز، اپنے مقصد کو واضح اور درست انداز میں کمیٹی کے سامنے پیش کرنا ہی آپ کی عمدہ شخصیت کی پہچان اور کامیابی ہے۔
سننے اور بولنے کافن
انٹرویو میں ناکامی کی اہم وجوہات میں غلط وقت پر بولنا اور غلط بولنا شامل ہیں ۔ اگر آپ چاہتے ہو کہ آپ درست طرح بول پائیں تو اس کے لئے پہلی شرط ہے کہ آپ سامنے بیٹھے لوگوں کی بات اور سوال توجہ سے سنیں کیونکہ اگر آپ بات سن نہیں سکتے تو نہ سامنے بیٹھے ہوئے لوگ آپ کی بات پر توجہ دیں گے اور نہ ہی آپ درست سمت میں جواب دے پاؤ گے۔ آپ کے بولنے کا فن تب ہی مکمل ہوتا ہے جب آپ دوسرے کی بات کو تحمل سے سن پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اور بولنا اتنا چاہئے جتنا وہ سننا چاہتے ہیں زیادہ بولنا آپ کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
غیر جانبداری
انٹرویو کے دوران ناکامی کی اہم وجوہات میں امیدوار کا جانبدارانہ رویہ بھی شامل ہے۔ میرٹ پر قائم انٹرویو کمیٹی ایک ایسے امیدوار کو ترجیح دیتی ہے جو سیاسی ، مذہبی یا معاشرتی طورپر غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے۔ کسی خاص گروپ یا پارٹی کو انٹرویو میں فیور کرنا یا اس کے خلاف بولنا آپ کی جانبدارانہ سوچ کی عکاس ہوتی ہے جو کہ کامیاب انٹرویو کو ناکامی میں بدل سکتی ہے۔
مضبوط اعصاب
ایک انٹرویو کے دوران کامیاب امیدواران پر ریسرچ کے مطابق زیادہ تعداد میں وہ لوگ انٹرویو میں کامیاب رہتے ہیں جو انٹرویو کے دوران ہر قسم کے حالات کو قابو میں کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔ انٹرویو میں آپ سے اس قسم کے سوالات ہو سکتے ہیں جن کے لئے آپ ذہنی طور پر تیار نہیں ہوتے آپ کو سوال کے مطابق فوراًخود کو تیار کرنا پڑتا ہے اگر اس موقع پر امیدوار گھبرا جائے تو ساری محنت پر پانی پھر سکتا ہے اگر آپ اعصابی طور پر مضبوط ہیں اور فوری فیصلہ کر سکتے ہیں تو آپ کہ لئے اس مرحلے کو پار کرنا کوئی مشکل نہیں ہو گا۔
مثبت سوچ اور باڈی لینگویج
دورانِ انٹرویو منفی سوچ اور امید کا فقدان آپ کو کامیاب بننے سے روک سکتا ہے، مثبت سوچ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جوابات آپ کے لئے انٹرویو میں مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح باڈی لینگویج کسی بھی انٹرویو میں اہم ہوتی ہے اور خاص طور پر نوٹ کی جاتی ہے۔ مثبت طور طریقے آپ کے لئے کمیٹی کی حمایت جیت سکتے ہیں۔
آپ ہی کیوں؟
کسی بھی انٹرویو میں سب سے اہم سوال یا مقصد یہ ثابت کرنا ہوتاہے کہ آپ کیوں اس پوزیشن کہ لئے سب سے زیادہ مناسب انتخاب ہیں؟انٹرویو میں جانے سے پہلے ایک امیدوارکو خود سے یہ سوال کرنا چاہئے اور اس سوال کا جواب دینے کے لئے آپ کو متعلقہ پوزیشن کے بارے ریسرچ اور اہم معلومات جمع کرنی ہوں گی تاکہ آپ ذہنی طور پر خود کو اس سوال کے لئے تیار کر سکو۔
پرسکون اور پراعتماد احساس
انٹرویو میں سب سے اہم نقطہ آپ کے پرسکون اور پر اعتماد ہونے کا ہے۔ اس نقطے کو سب سے آخر میں بیان کرنے کی وجہ صاف ہے اگر آپ پرسکون اور پر اعتماد احساس کے ساتھ انٹرویو روم میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو اوپر بیان کئے ہوئے 9 نقاط کو آپ نہ صرف سمجھتے ہوں بلکہ پوری طرح ان پر دسترس رکھتے ہوں ۔ اگر امیدوار پوری طرح اور ہر لحاظ سے انٹرویو کے لئے ذہنی طور پر تیار ہے تو وہ نہ صرف اعتماد کے ساتھ انٹرویو دینے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ وہ انٹرویو کے دوران حالات کو اپنے لئے سازگار بنانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
آپ کے روشن مستقبل کے لئے انٹرویو ایک ناگزیر مرحلہ ہے اور ایک نوجوان کو اپنی زندگی کے اس اہم مرحلے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
پنجاب کے شہر بھکر سے تعلق رکھنے والے عدیل عباس بلاگر اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہیں اور ایک پیج کے ذریعے نوکریوں کے حصول میں مدد فراہم کرتے ہیں