ن م دانش نے 1958ء کو کراچی کی مشہور اور قدیم بستی لیاری میں آنکھ کھولی۔ انھوں نے اوکھائی میمن سیکنڈری اسکول کھارادر سے میٹرک کے بعد وفاقی گورنمنٹ اردو آرٹس کالج سے گریجوشن کیا۔ ن م دانش نےجامعہ کراچی سے ایم۔اے اردو کاامتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔
زمانۂ طالب علمی میں بحیثیت مقرر کئی مقابلے جیتے اور مختلف اخبارات اور ادبی رسائل میں ان کے مضامین، شاعری اور کہانیاں بھی شایع ہوئیں۔ ن م دانش کی ایک خوب صورت غزل ملاحظہ کیجیے۔
ترا خیال بہت دیر تک نہیں رہتا
کوئی ملال بہت دیر تک نہیں رہتا
اداس کرتی ہے اکثر تمہاری یاد مجھے
مگر یہ حال بہت دیر تک نہیں رہتا
میں ریزہ ریزہ تو ہوتا ہوں ہر شکست کے بعد
مگر نڈھال بہت دیر تک نہیں رہتا
جواب مل ہی تو جاتا ہے ایک چپ ہی نہ ہو
کوئی سوال بہت دیر تک نہیں رہتا
میں جانتا ہوں کہ سورج ہوں ڈوب جاؤں بھی تو
مجھے زوال بہت دیر تک نہیں رہتا