The news is by your side.

اسکاؤٹنگ آج کے پاکستانی معاشرے میں کس قدر ضروری ہے

تحریر: انصرمحمودبابر


اکثردوست احباب چھٹیاں گزارنے شمالی علاقہ جات یادیگرصحت افزا پہاڑی مقامات کارخ کرتے ہیں۔ یہ ایک بہت اچھی اور صحت مند سرگرمی ہے لیکن نوآموز حضرات شائد اس چیزسے آگاہی نہ رکھتے ہوں کہ تمام سیاحتی مقامات پہ ہوٹل والوں کابھی یہ سیزن ہوتاہے اوراس دوران وہ اپنے من چاہے کرائے وصول کرتے ہیں۔ ایسے میں خصوصاً اسکول اورکالج (سرکاری اورپرائیویٹ دونوں) کے طلباءوطالبات کو میں مشورہ دوں گا کہ اگر آپ سیر و تفریح کے ساتھ ساتھ کچھ سیکھنے کے بھی خواہش مند ہیں تو اسکاؤٹنگ آپ کے لیے بہترین رہے گی۔

طالبات کے لیے گرلز گائیڈ کا ادارہ موجود ہے۔ جہاں سے تربیت لے کر ہمارے تعلیمی اداروں کی بچیاں بھی بہت ساری مثبت سرگرمیوں کو اپنے ماحول اور معاشرے میں فروغ دے سکتی ہیں۔ اسکاؤٹنگ ہو یا گرلز گائیڈ، ہر ایک کا یہ تربیتی ٹور ایک ہفتہ پر مشتمل ہوتاہے۔ یہ تربیتی کیمپ مری کی خوشگوار فضاؤں اور تازہ ہواؤں کے حامل انتہائی خوبصورت اور تاریخی مقام گھوڑا گلی میں واقع ہے۔ جہاں پر حکومت پاکستان نے ایک وسیع علاقہ براعظم ایشیاءکے سب سے بڑے اس گرمائی تربیتی کیمپ کے لیے وقف کررکھاہے۔

وہاں کی صاف ستھری آب و ہوا اور قدرتی چشموں کا انتہائی ٹھنڈا اور میٹھا پانی ایک ایسی نعمت ہے کہ جو آپ کوہمیشہ یادرہے گی۔ ہمارے میدانی علاقوں میں جون، جولائی اور اگست کے مہینوں میں جھلسا دینے والی گرمی کا وہاں تصور بھی نہیں ہے۔ گرد و غبار اور پسینے سے دور یہ سہانا موسم آپ کو خوابوں اور تخیلات کی وادی کا مسافر بنا دے گا۔ وہاں پر فطرت آپ کے اتنے قریب ہوتی ہے کہ رنگ، ترتیب، شوخیاں، گنگناہٹ اور شاعری آپ کے مزاج کا حصہ بن جاتے ہیں۔ آپ کی آنکھوں میں قوسِ قزح کے سارے رنگ اترآئیں گے۔

وہاں کے رومان پرور ماحول میں آنکھیں بندکرکے انگڑائی لیں تو پردہ تصور پہ بھولی بسری کئی الف لیلوی داستانیں ابھرنے لگتی ہیں۔ یہ آپ کے لیے معقول اخراجات میں ایک ایسی شاندار تفریح ہے کہ جس کا آج کی مہنگائی کے دور میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

قارئینِ کرام! اسی کیمپ میں مختلف کورسز بھی کروائے جاتے ہیں جیسے ”اسکاؤٹ ماسٹر“ اور”وڈ بیج“ وغیرہ۔ ان کورسز کے کامیاب اختتام پر حکومت پاکستان کی جانب سے آپ کو سرٹیفیکیٹ بھی دیے جاتے ہیں اور آپ کی ڈیوٹی سرکاری سطح پر حاجی کیمپ میں بھی لگ سکتی ہے اور خوش نصیبی سے بذریعہ قرعہ اندازی آپ کو حکومت ِپاکستان مفت حج کی سہولت بھی دیتی ہے۔

چنانچہ آپ اس قیمتی وقت کا بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اپنی ذہنی و جسمانی آسودگی کی خاطر کچھ وقت اپنے لیے ضرور نکالیں اور خوب انجوائے کریں۔ اگر آپ اپنا کاروبارکرتے ہیں یا کہیں جاب کرتے ہیں توبھی میں سمجھتا ہوں کہ پھر تو آپ پہ یہ ٹور لازم ہے۔ اس لیے کہ آپ کی فٹنس اور کارکردگی کو بہتر بنا نے کے لیے سالانہ ٹورز اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ جیسا کہ بعض سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں ریفریشر کورس کروائے جاتے ہیں اسی طرح سیر و تفریح بھی آپ کی زندگی اور کاروبارکا لازمی جزو ہونا چاہیے۔ اسکاؤٹنگ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ جہاں آپ کو اپنی چھپی ہوئی اور خوابیدہ صلاحیتوں کا پتا چلتا ہے اور ان تمام پوشیدہ اور مثبت سر گرمیوں کو ایک نئی زندگی ملتی ہے۔

یہ وہاں کے ماحول اور آب و ہوا کا اثر ہے کے آپ کے اندرکا جو بچہ ہے وہ اپنی تمام تر شرارتوں اور بچپنے کے ساتھ بھر پورانگڑائی لے کر بیدار ہو جاتا ہے اور آنے والے کم از کم ایک سال کے لیے آپ کوتازہ دم اور چاق وچوبند رکھتا ہے یہ میرا ذاتی تجربہ ہے۔ اسی ایک ہفتہ کے دوران آپ چاہیں تو پنڈی پوائنٹ والی چئیرلفٹ کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ مال روڈ اور کشمیر پوائنٹ کی رونقیں انجوائے کرسکتے ہیں۔ بلند و بالا پہاڑوں سے اترتے دھواں دھواں سے بادلوں کے پس منظر میں بھاپ اڑاتی خوش ذائقہ چائے آپ کے اس وقت کو خوش گوار بنادے گی۔

ان ہی سات دنوں میں سے وقت نکال کر آپ ایوبیہ چلے جائیں جو اس ریجن کا بلندترین مقام ہے اور خیبر پختون خواہ میں واقع ہے۔ ایوبیہ میں بھی چئیر لفٹ لگی ہوئی ہے۔ یہاں کے چپلی کباب بہت مشہور ہیں۔ یہاں سے کچھ ہی آگے نتھیا گلی کا مشہور مقام ہے۔ کسی اور دن وقت نکالیں اور نیو مری کے لیے عازمِ سفر ہو جائیں۔ یہاں پر ایشیاءکی سب سے بڑی چئیر لفٹ اور کیبل کار ہے۔ ملک کے طول و عرض سے لوگ جوق درجوق یہاں آتے ہیں اور ایک بھر پور اور شان دار دن گزار کر لوٹتے ہیں۔ مال روڈ کے نشیب و فراز پہ موجود ڈرائی فروٹس کی خوبصور ت اور شاندار دکانیں دیکھ کر خواہ مخواہ منہ میں پانی بھر آتا ہے۔

الغرض آپ مری کے کسی بھی پوش علاقے میں ہوں، مری کی صاف ستھری اور کشادہ سٹرکوں پہ موجود خوب صورت اور زندہ دل لوگوں کا دل میں اترتا ہوا شوخ انداز اور بے فکر قہقہوں کا جلترنگ آپ کے دل کے تار ہلا دے گا۔ آپ ایسے مناظر کے سحر سے مدتوں نکل نہیں پائیں گے۔ ایک طرف انواع و اقسام کے پکتے ہوئے کھانوں کی اشتہا انگیز مہک اور دوسری جانب رنگین آنچلوں سے پھوٹتی دل فریب خوشبو کے حصار میں آپ خود کو پرستان میں محسوس کریں گے۔

مال روڈ پہ سجے تازہ پھلوں کا سرخ و سفید رنگ وہاں آنے والے حسین سیاحوں کی آنکھوں سے پھوٹتی شفق کے آگے ماند پڑتا نظر آتا ہے۔ اسکاؤٹنگ میں مندرجہ ذیل سہولیات سے آپ بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ معیاری تفریح، کم خرچ بالا نشیں، گروپ ٹورز، فرسٹ ایڈ کی تربیت، ٹریفک رولز کی تربیت ، قدرتی آفات سے نپٹنے کی تربیت، حالت جنگ کے حوالے سے خصوصی تربیت، ہائیکنگ، ٹریکنگ، کیمپ فائر، علوم و فنون کی مشہور شخصیات سے ملاقات کا موقع، فوٹوگرافی، کوکنگ اینڈ پریزنٹیشن، خیمہ لگانے کی تربیت، خالص علمی اور تفریحی ماحول اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ سیکھنے اور سکھانے کو ملتا ہے۔

اس دوران آپ دوسروں کے تجربات سے اور دوسرے لوگ آپ کے تجربات سے استفادہ کرتے ہیں۔ بوائے اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈ میں رجسٹریشن کروانے کا طریقہ کار یہ ہے کہ اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کے فزیکل انسٹرکٹرز سے رابطے میں رہیں یا اپنے ڈسٹرکٹ اسپورٹس سیکرٹری سے بات کرلیں اور جیسے ہی گرمیوں کی چھٹیاں قریب آئیں اپنا نام لکھوادیں۔

نیزاپنے”ای ڈی او“ آفس سے بھی رابطہ میں رہیں تاکہ اس سمرکیمپ میں جانے کے وقت اور تاریخ سے آپ آگاہ رہیں۔ اگر تو آپ طالب علم ہیں تو پھر تو کوئی مشکل ہی نہیں ہے لیکن اگر آپ تعلیمی دور سے فارغ ہوچکے ہیں توبھی آپ اس کیمپ میں جانے والے اپنے قریبی ادارے کے ساتھ منسلک ہوسکتے ہیں اور اگر آپ کا اپنا دوستوں کا گروپ ہے تو آپ اپنے گروپ کی رجسٹریشن کروا کر لیٹر بنوالیں اور وہاں جا کر انجوائے کریں۔ یہ تمام کام انتہائی آسانی سے ہوجانے والے ہیں اس لیے بے دھڑک ہو کر اسکاؤٹنگ کی تربیت حاصل کریں اور ملک و قوم کے لیے ایک مفید اور کار آمد شہری ثابت ہوں۔

ایک گروپ 9 افراد پر مشتمل ہوتا ہے جس میں آٹھ اسکاؤٹ اور نواں اسکاؤٹ لیڈر یا گروپ لیڈر ہوتا ہے۔ ایک گروپ کو ایک خیمہ الاٹ کیا جاتاہے۔ آپ چاہیں تو اپنی سہولت کے لیے ساتھ ہی کمرہ بھی کرایہ پرلے لیں۔ اسی ترتیب سے گروپ بنا کر آپ رجسٹریشن کروا سکتے ہیں اور خیمے حاصل کرسکتے ہیں۔ آپ ان کے طریقہ کار کے مطابق وہاں رہیں اور ایک ہفتے کے ٹور کے اختتام پرکیمپ انتظامیہ کی جانب سے گورنمنٹ آف پاکستان کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں