شفیع الدین نیر بچوں کے لئے بے حد دلچسپ نظمیں لکھنے والے شاعر اور کئی کتابوں کے مصنف تھے جن کو ادبِ اطفال کے حوالے سے خاص طور پر یاد کیاجاتا ہے۔نیرصاحب نے بچوں کے لئے خوب صورت اور بامقصد تخلیقات دی ہیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انھوں نے اردو کے مضمون کی تدریس کا آغاز کیا اور ساتھ ادبی سرگرمیاں بھی جاری رکھیں. ان کی تحریریں کتابی شکل میں شایع ہوئیں. یہاں سالِ نو کی مناسبت سے بچوں کے لیے لکھی گئی نیر صاحب کی ایک نظم پیش کی جارہی ہے .
مبارک ہو
نیا سال تم کو مبارک ہو بچو
سدا خوش رہو تم پھلو اور پھولو
خدا کی عنایت رہے تم پہ دائم
ہمیشہ رہو سیدھے رستے پہ قائم
ترقی کرو علم میں اور ہنر میں
بلندی ہو پیدا تمہاری نظر میں
غریبوں کی امداد کرتے رہو تم
دم ان کی محبت کا بھرتے رہو تم
رہو تم ہمیشہ قوی اور توانا
زمانہ پکارے تمہیں کہہ کے دانا
جو بگڑے بھی ہوں کام ان کو سنبھالو
کبھی آج کا کام کل پر نہ ٹالو
بنو نیک نیکی تمہارا چلن ہو
بھلائی کی دھن میں ہمیشہ مگن ہو
رہو سکھ سے دائم نہ دکھ پاس آئے
خدا تم کو بیماریوں سے بچائے
دعا ہے یہ نیرؔ کی تم نام پاؤ
اور اس سال میں کچھ نہ کچھ کر دکھاؤ