بڑی عمر میں ڈیبیو کیا تو جلدی جلدی کام بھی بڑے بڑے کر رہے ہیں۔ سندھ کے چھوٹے سے شہر کھپرو میں پیدا ہونے والے نعمان علی نے ویسٹ انڈیزکے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں وہ کارنامہ کردکھایا جو پاکستان کے بڑے بڑے اسپنر نہ کرسکے۔
1952 میں پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا شرو ع کی جب سے لے کر اب تک متعدد اسپنر آئے لیکن کوئی بھی طویل دورانیے کی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک نہ کرسکا۔ مرحوم عبدالقادر ہوں یا اقبال قاسم، ثقلین مشتاق ہوں یا مشتاق احمد ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنا ان کا خواب ہی رہا۔ نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں لگاتار3 گیندوں پر3 کھلاڑیوں کو آوٹ کرکے پاکستان کی جانب سے ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے اسپنر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ نعمان ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پانچویں پاکستانی بولرہیں۔ اس سے قبل وسیم اکرم2 بار جبکہ عبدالرزاق، محمد سمیع اور نسیم شاہ1,1 بار ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں۔
نعمان علی نے جنوری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف34سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیاتو وہ پاکستان کے طرف سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چوتھے عمر رسیدہ کھلاڑی تھے۔ نعما ن نے اپنی نپی تلی بولنگ سے ڈیبیو ٹیسٹ پر 5 وکٹ حاصل کرکے دنیا کو بتا دیا کہ ان کی جتنی عمر ہے اتنی ہی ان میں صلاحیتیں بھی ہیں۔
نعمان علی کے کیرئیر کا پہلا شکار بنے جنوبی افریقی کپتان کونٹن ڈی کاک تھے جس کے بعد نعمان نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ڈیبیو میچ پر نعمان نے35 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ڈیبیو پر5 وکٹیں حاصل کرنے والے نعمان بارہویں پاکستانی بولر تھے۔ بائیں ہاتھ سے سلو ارتھوڈاکس بولنگ کرنے والے نعمان علی 18 ٹیسٹ میچز میں اب تک 73 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔جس میں 7 بار اننگز میں 5 وکٹ حاصل کرنے کاکارنامہ انجام دیا۔ اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف46 رنز دے کر 8 وکٹ حاصل کرنا نعمان علی کے کیرئیر کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔
نعمان علی کی سب سے خاص بات ان کی بہترین لائن اور لینتھ ہے۔ نعمان گیند کو زیادہ بریک تو نہیں کرتے لیکن ان کی نپی تلی لائن لینتھ بلے باز کو پریشان کیے رکھتی ہے۔نعمان علی کو اننگزمیں پانچ وکٹ لینے کا ایک خاص چسکا ہے اس ہی لیے تو ایک سو انیس فرسٹ کلاس میچزمیں نعمان علی تیس بار اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔
دھیمے رن اپ کے ساتھ بولنگ کرنے والے نعمان علی بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نعمان علی نویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے آئے اور 97 رنز کی کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلی۔ نعمان نے عابد علی کے ساتھ ملکر نویں وکٹ پر169 رنز کی شراکت بنائی۔ شاباش نعمان علی آپ نے ثابت کیا کہ عمر سے کچھ فرق نہیں پڑتا کھلاڑی میں جذبہ ہونا چاہیے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے شائد اس لئے یہاں میچور کرکٹر ہی زیادہ کامیاب ہوتے ہیں نعمان علی اس کی زندہ مثال ہیں۔