The news is by your side.

پروین شاکر کی ایک غزل جو گلوکارہ طاہرہ سید کی آواز میں مقبول ہوئی

عورت ذات کی زندگی کے المیوں، دکھوں اور کرب کو بیان کرنے اور رومانوی شاعری سے ملک گیر شہرت اور مقبولیت حاصل کرنے والی پروین شاکر کی ایک غزل گلوکارہ طاہرہ سید کی آواز میں بہت پسند کی گئی تھی۔ یہ غزل باذوق اور اردوشاعری سے شغف رکھنے والے آج بھی بہت شوق سے سنتے ہیں. پروین شاکر ایسی شاعرہ تھیں جن کی ذاتی زندگی بھی تلخیوں اور رنجشوں کے سبب بے رنگ اور یاسیت کا شکار رہی۔ وہ اپنے جذبات اور خیالات کو اشعار کے قالب میں ڈھالتی رہیں اور ایک حادثہ میں زندگی سے محروم ہوگئیں.

غزل
بادباں کھلنے سے پہلے کا اشارہ دیکھنا
میں سمندر دیکھتی ہوں تم کنارہ دیکھنا

یوں بچھڑنا بھی بہت آساں نہ تھا اس سے مگر
جاتے جاتے اس کا وہ مڑ کر دوبارہ دیکھنا

کس شباہت کو لیے آیا ہے دروازے پہ چاند
اے شب ہجراں ذرا اپنا ستارہ دیکھنا

کیا قیامت ہے کہ جن کے نام پر پسپا ہوئے
ان ہی لوگوں کو مقابل میں صف آرا دیکھنا

جب بنام دل گواہی سر کی مانگی جائے گی
خون میں ڈوبا ہوا پرچم ہمارا دیکھنا

جیتنے میں بھی جہاں جی کا زیاں پہلے سے ہے
ایسی بازی ہارنے میں کیا خسارہ دیکھنا

آئنے کی آنکھ ہی کچھ کم نہ تھی میرے لیے
جانے اب کیا کیا دکھائے گا تمہارا دیکھنا

ایک مشت خاک اور وہ بھی ہوا کی زد میں ہے
زندگی کی بے بسی کا استعارہ دیکھنا

+ posts
شاید آپ یہ بھی پسند کریں