The news is by your side.

مستقبل میں ہمارا ایڈریس کیسا ہوگا؟

ہمیں روز مرّہ کے کاموں میں ، چاہے وہ کام کسی کو خط بھیجنے کا ہو یا منی آرڈر بھیجنے کا ، اپنے مقام تک پہنچنےکے لئے اِس مقام کا پتہ لازمی معلوم ہونا چاہیے ۔ ہر جگہ کا اپنا ایک مخصوص پتہ ہوتا ہے چاہے وہ آپ کا گھر یا دفترہی کیوں نہ ہو۔ جب بھی کسی کو پتہ بتایا جاتا ہے تو ایک لمبی سی سطر بتائی جاتی ہے جس میں کے گھر تک آنے والے راستوں کے نام درجہ بندی کے ساتھ سکتہ کی علامت سے الگ کرکے لکھے ہوتے ہیں. اس سطر کو پتہ کہا جاتا ہے۔

پر یہ توتھا آپ کے گھر یا کسی بھی جگہ تک پہنچنے کے لئے پتہ لیکن ذرہ سوچئے کہ اگر آپ کا دوست آپ سے آپ کا کائناتی پتہ پوچھے ، تو؟ آپ اسے کیسے بتایں گے کہ وہ چاہے کائنات کے کسی بھی کونے میں ہو تو وہ اِس اِس راستے سے ہو کر وہ آپ تک رسائی حاصل کر سکتا ہے؟ اِس کے لئے آپ کو کائناتی پتہ معلوم ہونا چاہیے تاکہ کوئی بھی آپ تک با آسانی پہنچ جائے۔

یہ بات اکثر و بیشتر دیکھی گئی ہےکہ لوگ کہتے ہیں کہ کائنات میں کسی سمت کا تعین نہیں ہو سکتا کیونکہ آپ کہیں بھی چلے جائیں، ہر جگہ آپ کو کائنات کی ایک ہی تصویر دیکھنے کو ملے گی۔ آپ یہ ہرگز نہ سوچیں کہ اگر آپ کسی اور کہکشاں میں ہوتے تو پتہ نہیں کائنات کیسی نظر آتی؟ آپ کائنات میں کہیں بھی ہوں، کائنات آپ ایسی ہی نظر آئے گی جیسی شکل آپ زمین پر بیٹھے دیکھ رہے ہیں۔ اِس کو Homogenous Universe، یعنی ایسی کائنات جو کسی بھی طرف سے ایک ہی صورت میں نظر آئے، کہتے ہیں۔

لیکن پھر بھی اگر آپ سے کوئی پوچھے کہ آپ کا کائناتی پتہ کیا ہے؟ تو آپ کو ذرا بھی الجھن و پریشانی کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کائنات میں سمت کا تعین کئے بغیر آپ اپنا کائناتی پتہ بتا سکتے ہیں۔ یعنی اگر کوئی شخص کائنات کے کنارے پر کھڑا ہے اور اُس نے آپ تک پہنچنا ہے تو آپ کا یہ پتہ دیکھ کروہ آپ تک با آسانی پہنچ جائے گا۔

چلیں سیکھتے ہیں کہ آپ اپنا کائناتی پتہ کیسے معلوم کر سکتے ہیں۔ جیسا کہ ہم سب ابھی تک زمین پر ہی مکین ہیں لہذا ہم سب کا کائناتی پتہ ایک جیسا ہی ہوگا ۔ ہاں اگر کچھ سالوں بعد اگر انسان مریخ پر پہنچ گیا تو اس شخص کے اور آپ کے کائناتی پتے میں تھوڑا سا فرق واقعہ ہوجائے گا پر فی الحال ہم سب کا کائناتی پتہ ایک ہی ہے۔

جیسا کہ عام پتے میں ہوتا ہے کہ جو راستہ، جو جگہ آپ کے گھر کے قریب ترین ہوتی ہے اس کا ذکر سب سے پہلے کیا جاتا ہے اسی طرح کائناتی پتے میں سب سے قریب ترین جگہ جہاں آپ رہتے ہیں وہ ’زمین‘ ہے لہذا یہی لفظ ہمارے کائناتی پتے کا پہلا لفظ بنے گا۔ اِس کے بعد باری آتی ہے اُس جگہ کی جس میں زمین خود واقعہ ہے یعنی ہمارا ” نظامِ شمسی”، ہمارا نظامِ شمسی جس کہکشاں میں موجود ہے اُس کا نام “ملکی وے کہکشاں” ہے۔ اِس طرح ہمارے پاس ہمارے پتے کےتین الفاظ آگئے۔ اِس کے بعد اُس جگہ کا نام آئے گا جس میں یہ کہکشاں موجود ہے۔

ہماری کہکشاں ١٠٠ سے ١٠٠٠ کہکشاؤں کے ایک گروپ میں موجود ہے جسے “مقامی گروپ” کا نام دیا گیا ہے۔ پھر آتا ہے “ورگو سپرکلسٹر”۔ اِس سپرکلسٹر جیسے اور بھی بہت سے کلسٹرز یعنی جھرمٹ ہیں جن میں لاکھوں کہکشاؤں سے مل کر بنے ہزاروں مقامی گروپ شامل ہیں۔ ہماری اِس کائنات میں ورگو کلسٹر جیسے لاکھوں سپرکلسٹرز ہیں جن میں اربوں سورج اورکھربوں سیارے موجود ہے۔ اس لئے ابھی تک کے کائناتی پتے کا آخری لفظ “قابل ذکر کائنات” ہے۔ پر اس لفظ کو بھی آخری نہیں کہا جاسکتا کیونکہ ابھی کئی اور دریافتیں ہونا باقی ہیں اور کیا پتا کہ آنے والے وقتوں میں اِس کائناتی پتے میں اور بہت سے الفاظ شامل ہوجائیں۔

اس طرح کائناتی پتہ مکمل طور پر کچھ یوں ہوا کہ “زمین، نظام شمسی، ملکی وے کہکشاں، مقامی گروپ، ورگو سپر کلسٹر اور قابل ذکر کائنات”۔

یاد رہے کہ ہم نے بہت آسانی سے پوری کائنات کو اِس ایک چھوٹے سے جملے میں بتا دیا  ہے لیکن اِس کی وسعت ہماری سوچ سے بھی بالاتر ہے۔


اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں