The news is by your side.

’’گلوبل ویلج‘‘

اُلجھنیں اور الجھنوں میں سانس لیتا آدمی

بےچارگی

“میں کہاں ہوں ؟؟ کون ہوں” کا نعرۂ دیوانگی

دن کی چادر پرمشقت کی کڑھائی

رات تک

آشنا بستر پہ پھر سے نیند کی مزدوریاں

اور مزدوری کی اجرت سے پرانی دوریاں

جسم جسموں سے ہراساں

لفظ لفظوں سے خجل

اپنے کمروں دفتروں میں

عالمی تنہائی میں

جکڑی ھوئی آنکھوں کی وحشت کا

بھلا یہ لیپ ٹاپ آخر کہاں تک ساتھ دے ؟؟

رنج کے نیلے براؤزر پر تسلّی کا کوئی نقطہ نہیں

آدمی

مشرق سے مغرب تک اکیلا

خواب کی تشویش کا مارا ہوا

عالمی گاؤں کے اندرپھیلتی یکسانیت کا فاصلہ

گاؤں کی نکّڑ پہ بیٹھے

ایک شاعر ایک انساں کی تمنّا اورکیا

فاصلے کم ہوں

خدا و خلق میں رشتہ بڑھے۔۔۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں