The news is by your side.

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پیپلز پارٹی چھوڑنا

انیس سو اٹھاسی میں جب محترمہ نے ایک مینیجڈ اور دھاندلی زدہ الیکشن کے باوجود معمولی اکثریت والی حکومت سمبھالی تھی تو بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ انھیں ایسی کمزور حکومت قبول کرنے کی بجائے انتظار کر لینا چاہیے تھا۔ مگر پیپلز پارٹی کے اندر ہی اکثریت کی رائے یہ بھی تھی کہ نہیں جیالوں کو ماریں کھاتے اور حکومت سے باہر بہت وقت بیت چکا ہے، انیس سو پچاسی کے غیر جماعتی انتخابات کا حوالہ بھی دیا جاتا کہ اس کا بائیکاٹ کرنا درست نہیں تھا، اس وقفے کی وجہ سے اسٹیبلشمنٹ کو پنجاب میں متبادل قیادت بنانے کا موقع ملا، آمر کی گود میں پروان چڑھنے والی جماعت مسلم لیگ نے خود بھی کھایا اپنے لوگوں کو بھی کھلایا، دوسرے لفظوں میں اس کا مطلب آف دی ریکارڈ یہ بھی بیان کیا جاتا رہا کہ جیالے احتجاجی سیاست کرتے بھوکے مرنے لگے ہیں، اب انھیں کچھ ریلیف ملنا چاہیے۔ ملا جلا کر اس سب کا مطلب یہی تھا کہ زیادہ عرصہ بھوک کاٹ کر حکومت سے باہر نہیں رہا جا سکتا اور ایسا کرنے سے آپ سیاست میں آوٹ ڈیٹیڈ بھی ہوجاتے ہیں۔

ہمیں وہ وقت بھی یاد ہے جب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اسمبلی میں روتی نظر آئیں کہ ان کی کسی بات پر توجہ نہیں دی جا رہی، وزراء ان کی سننے سے انکاری ہیں۔ اور اس سب پر ان کا سب سے زیادہ مزاق خود پیپلز پارٹی والوں نے ہی اڑایا۔ کچھ ایسا ہی وقت ندیم افضل چن پر بھی آیا جب وہ حکومت میں رہتے ہوئے اپنی کمیونٹی کے قتل عام پر نوحہ کناں دکھائی دیے۔ عابدہ حسین بھی آؤٹ آف فوکس رہیں اور وہ ہزارہ والے ایم این ناصر شاہ جو پارلیمنٹ کے سامنے اپنی ہی جماعت کے خلاف احتجاج کرتے نظر آئے۔ فرقہ پرستانہ اور قوم پرستانہ تعصبات سے بچنے کے لیے اسے محض حسن اتفاق کہہ لیجیے کہ یہ چاروں شخصیات اہل تشیع ہیں جن میں سے تین کا تعلق پنجاب سے ہے۔ پیپلز پارٹی کی اشرافیہ کے لیے یہ بھی ایک اہم سوال ہے کہ کیا پیپلز پارٹی مرحلہ وار اپنا شیعہ ووٹ بینک لوز کرکے تحریک انصاف کی جھولی میں ڈال رہی ہے؟ جبکہ عمران خان پر تو طالبان خان کا الزام بھی لگتا ہے۔ یقیناً بڑی نازک صورتحال ہے۔

خیر ان تمام یاد دہانیوں کے ساتھ دو ہزار تیرہ میں پنجاب کے عام انتخابات اور پھر زمنی انتخابات کے نتائج بھی سامنے رکھ لیں تو یہ بات واضع نظر آ رہی تھی کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی کے لیے کچھ زیادہ حوصلہ افزا فضا نہیں رہی ہے اور اکثریت کو اپنا مستقبل تاریک ہی نظرآ رہا ہے اور ظاہر ہے کہ اس میں مرکزی قیادت کا بہرحال عمل دخل رہا ہے کہ جس نے پنجاب کو مسلسل اگنور کیا اور چونتیس سے پچاس ہزار ووٹ لینے والے حلقوں میں پیپلز پارٹی ہزاردو ہزار ووٹ تک پہنچ گئی۔

قیادت خود اپنی کسی کوتاہی پر کان دھرنے کو تیار نہیں ہوتی اور قیادت سے جڑے رہنے والے بھی اسے لاریب ہی سمجھتے ہیں کہ وہ تو کوئی غلطی کر ہی نہیں سکتی، جو کچھ بھی کیا ہوگا جانے والوں نے ہی کیا ہوگا۔ وہی غلط ہوں گے وہی مجرم ہوں گے قیادت لاریب ہے قیادت فرشتہ ہے جس سے کسی قسم کی غلطی کا کوئی امکان نہیں۔ اب جب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان صاحبہ پارٹی چھوڑ گئیں تو خورشید شاہ، اور مولا بخش چانڈیو صاحب وغیرہ کو یاد آ رہا ہے کہ وہ تو مشرف کے ساتھ تھیں، وہ تو ق لیگ میں تھیں۔ اور جب پوچھا جائے کہ قیادت ق لیگیوں اور ضیا کی باقیات کو جماعت میں جگہ کیوں دیتی ہے؟ تو جواب ہوتا ہے یہ مفاہمت کی سیاست ہے، مثالیں دی جاتی ہیں کہ دنیا بھر میں الیکٹیبلز کی سیاست ہوتی ہے۔ او بھائی دنیا کی سیاست سے اپنا موازنہ کرنے سے پہلے کبھی آئینہ بھی دیکھ لیا کرو۔

دنیا میں چھانگا مانگا والی ہارسٹریڈنگ کی روایت اسقدر عام اور مقبول نہیں ہوتی۔ وہاں سیاستدانوں کی اخلاقی اقدار مائنس میں نہیں ہوتیں، وہاں معمولی الزامات پر بھی لوگ استعفی دے کر گھر چلے جاتے ہیں، آپ کے ہاں کوئی ایسی مثال ہے جو دنیا کی مثالیں دیتے ہیں؟ ایسے بات نہ بنے تو کہتے ہیں ہمارے دروازے کسی کے لیے بند نہیں ہیں۔ صاحب اگر آپ کے دروازے کسی کے لیے بند نہیں ہیں تو پھر جب کوئی ویران پڑا کھلا دروازہ دیکھ کر پارٹی سے نکل جائے تو اس کا بھی برا مت مانا کریں۔ جب آپ نے خود ہی نظریاتی عمارت کا دروازہ توڑ رکھا ہے تو شکوہ کیسا؟ اگر کوئی لوٹا بنا تو آپ خود بھی تو پبلک واش روم ہی بنے ہوئے ہیں۔ لوٹا کلچر کے خلاف تو وہ بولیں جو خود انھیں قبول نہ کرتے ہوں۔ جو خود قبول کرتے ہیں وہ کیا کسی لوٹے سے کم ہیں؟ باقی اٹھاسی والی مثال بھی اسی لیے دی کہ اگر جیالا حکومت سے باہر رہ کر جدوجہد کرتے تھک گیا تھا والا عذر قبول کیا جا سکتا ہے تو پھر عام ووٹر بھی اسی کو ووٹ دیتا ہے جو اس کے کام کروا سکے، جس کے اقتدار میں آنے کی اُمید ہو۔

سیاست میں وقت بدلتے دیر بھی نہیں لگتی ممکن ہے کل کچھ ایسا ہو جائے جو پیپلز پارٹی کی پوزیشن بہتر بنا دے تاہم قیادت کی سندھ سینٹرک پولیٹکس نے وسطی، شمالی اوراپر پنجاب میں پیپلز پارٹی کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، اب اگر کوئی اپنا سیاسی مستقبل تاریک دیکھتے پارٹی چھوڑ کر جاتا ہے تو مندرجہ بالا حقائق کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔ اگرڈاکٹر صاحبہ نے پارٹی چھوڑ کر اچھا نہیں کیا تو یہ بھی ذہن میں رہنا چاہیے کہ پارٹی نے بھی ان کے ساتھ کچھ اچھا سلوک نہیں کیا تھا۔

لوٹا کلچر کے دفاع کے گناہ کبیرہ کے ممکنہ الزام کے پیش نظر پیشگی یہ وضاحت کرتا چلوں کہ، میری ناقص رائے میں لوٹے معاف ہو سکتے ہیں، ان کی مختلف توجیحات پیش کی جا سکتی ہیں، پارٹی چھوڑنے کی جائز وجوہات بھی بتائی جا سکتی ہیں، مگر لوٹا قبول کرنے کی کوئی انقلابی روایتی توجیح قابل قبول نہیں ہو سکتی۔ فرد کی بنیاد میں کوئی نظریہ شامل ہو نہ ہو مگر کسی بھی سیاسی جماعت کی عمارت بہرحال کسی نہ کسی نظریے پر ہی تعمیر ہوتی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں