The news is by your side.

صحت کی سہولیات کس کی ذمہ داری ہیں؟

تندرست و توانا جسم ہی توانا ذہن کو تعمیر کرتا ہے اور ذہن ایک مثبت سوچ کو جنم دیتا ہے ،تعلیم اس مثبت سوچ کو وہ راہ دکھاتی ہے جو قوم و وطن کو بہتری کی راہ پر گامزن کرے۔افسوس کہ ہمارا معاشرہ تو تعلیم اور صحت دونوں میں بہتری نہ ہونے کی بدولت نفسیاتی بیماری و کشمکش میں مبتلا ہے۔یہی کشمکش ہماری قوم کو دیمک کی طرح کھائے جا رہی ہے۔

تندرستی ہزار نعمت ہے! اس فقرے کا اندازہ ان لوگوں کو ہے جن کے گھر کی خوشیوں کو کسی مہلک بیماری نے گھیر لیا ہے اور ان کا اپنا پیارا کوئی مریض ہے۔بے بسی کا یہ عالم دیکھئے کہ کوئی بڑا طاقتور شخص بھی اسپتال کی ہوا کھانے کے بعد اس نتیجے کو پہنچتا ہے کہ یا اللہ اسپتال کا منہ تو کسی دشمن کہ بھی نہ دکھانا۔

Health

مرنا تو سب نے ہی ہے مگر پاکستان میں اسپتالوں کی دیواروں سے لپٹے مریض اور فرشوں پر تڑپتے افراد کو دیکھ کر تو اچھا خاصا تندرست شخص بھی بے چینی و مایوسی کی کیفیت میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ ہر شخص یہی دعا کرتا ہے‘ یا اللہ! ہمیں اس دنیا سے چلتے پھرتے ہی اٹھانا اور اسپتالوں کے اس چکر سے بچانا۔اسپتال بھی ایک قسم کا بوجھ ہے جسے اٹھانا کسی کی بھی خواہش نہیں ‘ہر فرد اس سے میلوں دور رہنا چاہتا ہے۔

اچھے ممالک میں اتنی دیر تک کوئی مریض ڈسچارج نہیں کیا جاتا جب تک وہ مکمل صحت یاب نہ ہوجائے۔ایسے ممالک میں لوگوں کی صحت کے شعبے سے منسلک پریشانیاں بہت کم ہوں گی۔پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر روز‘ ہزار میں سے ساڑھے سات فیصد لوگ زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔کچھ کا وقت بیت چکا ہوتا ہے باقی مہلک بیماریوں اور روزمرہ کے حادثات کی نظر ہوجاتے ہیں۔

پاکستان میں ناقص غذا اور ملاوٹ نے لوگوں کی زندگیوں میں زہر گھول دیا ہے،جس کے باعث ہمارے اسپتال کھچا کھچ بھرے رہتے ہیں اور یہاں تک کہ ایمرجنسی کی صورتحال میں بھی بہت سی جانیں صرف اسی لئے گنوا دی جاتی ہیں کہ قریب کوئی اسپتال نہیں ملا ،ملا تو اسپتال میں مریض کے لئے جگہ نہ ملی۔

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ پنجاب ہے جس کی آبادی گیارہ کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔پنجاب زراعت و صنعت کے وسائل سے مالا مال ہے۔یہ کہنا بجا ہوگا کہ پنجاب ترقی یافتہ ہے اور باقی صوبے ترقی پذیر ہیں۔اس میں ضرور پنجاب حکومت کا بھی کردار شامل رہا ہوگا۔بات محکمہ صحت کی ہو تو اس میں بھی پنجاب حکومت سر فہرست دکھائی دیتی ہے یہاں تک کہ دوسرے صوبوں کی مدد کو بھی پہنچتی ہے۔ایسے ہی اپنے صوبے میں بھی محکمہ صحت کی بہتری کے دعوے بھی اپنے اپنے دور میں حکومتیں کرتی رہیں۔

Health

یہ دعوے تو ہمیشہ ہر دور میں ہنگامی صورتحالوں میں عیاں ہوتے رہے مگر دیکھنے والا میڈیا معاملے کو ہمیشہ سے ہی ذرا دیر سے بھانپتا ہے۔قارئین آپ کا ڈائریکٹ یا ان ڈائریکٹ کسی نہ کسی سرکاری اسپتال سے واسطہ تو پڑا ہوگا، اور آپ کو باخوبی علم ہوگا کہ محکمہ صحت کیسے مسائل سے دو چار ہے اور گورنس کے دعوے کتنے جھوٹے ہیں۔

یقین کیجئے جتنی مرتبہ بھی کسی مریض کی عیادت کے لئے کسی سرکاری اسپتال میں گیا وہاں کا عالم اور لوگوں کی بے بسی دیکھ کر دل ہی دل میں حکومتی ذمہ داران کوبرا جانا۔یاد رکھئے کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں بنیادی چیزیں صحت و تعلیم ہوتی ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ دنیا ان پر سمجھوتہ نہیں کرتی۔ایسے اداروں کو تحویل میں رکھ کر ان کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے، تا کہ عوام ان سہولتوں سے محروم نہ ہو اور ملکی ترقی کی رفتار جاری رہے۔ مگر ہمارے ہاں ایسا کچھ نہیں بلکہ ان دو محکموں کو ہی زیادہ نظر انداز کیا جاتا ہے، افسوس کہ گزشتہ روز لاہور گنگا رام اسپتال کے باہر راہداری پر مجبور عورت نے بچے کو جنم دے دیا۔

کہنے والوں کا کہنا ہے کہ خاتون کو رات کے وقت اسپتال لایا گیا مگر رات کو بیڈ نہ مل سکا صبح ہو گئی اور خاتون کی حالت بگڑ گئی اس نے ایم ایس کے دفتر کے سامنے بچے کو جنم دے دیا۔ایک ہفتہ یہلے ایسا واقعہ رائیونڈ میں پیش آیا۔ایسے کئی واقعات اور بھی ہوں گے جو ہم سب اور میڈیا کی نظر میں نہیں آئے۔وزیر اعلیٰ نے سخت ایکشن لیا مگر اب کیا حاصل کیا فائدہ محکمہ صحت کی اصلیت تو عیاں ہو چکی‘ دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی ہوئی،یہ نامی کلامی ایکشن ہونی کو واپس لا سکتے ہیں ؟وہ جن کے عزیز تڑپ تڑپ کر مرگئے ان کے دلوں میں پیدا محرومیاں کون ختم کرے گا؟ ۔کوئی نہیں کیونکہ سب اقتتدار کے لالچی ہیں ان کے نزدیک انسانیت کی کوئی قدر نہیں ۔ان کے اپنے تو برطانیہ میں کسی نامور اسپتال و ڈاکٹر سے علاج کروا لیں گے مگر غریب یونہی گزشتہ برسوں کی طرح اسپتالوں کی دیواروں سے چمٹے مرتے رہیں گے۔

Health

جناب خادم ِاعلیٰ فقط ایک ایکشن سے کیا حاصل؟ یہاں تو پورا کا پورا محکمہ ہی توجہ طلب ہے۔پنجاب میں اسپتالوں کی کمی ایک المیہ بن چکا ہے ،جسے ہماری حکومتیں برسوں سے نظر انداز کرتی آرہی ہیں۔ جس کی بدولت پرائیویٹ مافیا سرگرم عمل ہے اور کسی غریب کے لیے علاج کروانا یونہی ہے جیسے جائیدادیں بیچ کر زندگی کے چند سانس خریدنا۔ہر دوسرے روز کوئی نہ کوئی مریض بروقت بیڈ نہ ملنے یعنی اسپتال میں جگہ نہ ملنے کے باعث تڑپ تڑپ کر مر جاتا ہے،اور اس کے پیارے اپنی اس بے بسی کو دیکھ کر خود مریض بن جاتے ہیں اور برسوں خود کو اور پاکستان کو کوستے رہتے ہیں۔

ہمارے اکثر سرکاری اسپتالوں کا تو کوئی معیار ہی نہیں اورجن چند اسپتالوں کا معیار بہتر ہے وہاں علاج کے لئے مہینوں کا وقت ملتا ہے اکثر بے چارے لوگ تو مقررہ وقت سے پہلے ہی کسی پرائیویٹ ڈاکٹر کے ہاتھوں اپنی جمع پونجی گنوا بیٹھتے ہیں اور اکثر مریض تو علاج کے مقررہ وقت سے پہلے ہی ایسی سیرئیس حالتِ بیماری میں پہنچ جاتے ہیں جن کا بچنا ممکن نہیں رہتا ہے۔ایسے حالات میں لوگ کریں تو کیا کریں ،جائیں تو کہاں جائیں؟۔


اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں