The news is by your side.

سیاسی خبروں پر غیر سیاسی تجزیے

٭ ناکامی کا شکار ہونے والے سیاسی رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس۔۔۔ دھاندلی پر وائٹ پیپر کے اجراءپر اتفاق۔۔۔ (ایک خبر)
##اپنی 5 سالہ کارکردگی پر بھی وائٹ پیپر ضرور قوم کے سامنے لائیے گا۔۔۔!

٭ تاریخ میں ایسے انتخابات کبھی نہیں ہوئے۔۔۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی۔۔۔ (ایک خبر)
## 1977ءمیں بھی ایسے انتخابات ہوئے، آپ نوجوان تھے، آپ کو یاد نہیں۔۔۔ پھر ضیاءالحق نے بلے بلے کردی تھی۔۔۔!

٭ میڈیا ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑے، مولانا فضل الرحمن۔۔۔ (ایک خبر)
## کس کی بقاءکی، اپنی بقاءکی یا آپ کی بقاءکی۔۔۔!

٭ لیاری کے منتخب پی ٹی آئی امیدوار نے کہا ہے کہ لیاری کی گلی کوچوں میں نوجوانوں کے دل عمران خان کے لئے دھڑکتے ہیں، رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد۔۔۔ (ایک خبر)
## جناب اب تن من کی بازی لگا کر لیاری کی گلیوں کو دلہن بنائیں، پانی کا بندوبست کریں، گرانٹ اسپتال کی حالات زار ٹھیک کریں، یہ کام پی پی پی20 سال میں نہ کراسکی، اگر آپ نے کروادئیے تو20 سال کی ایڈوانس بکنگ پکی ہے ۔۔۔!

٭ حکومت کا حصہ بننے کا ارادہ نہیں، فیصل سبز واری، MQM۔۔۔ (ایک خبر)
## آپ حصہ بنے یا نہیں، یہ معاملہ تو20 سال سے ہورہا ہے اور ووٹ دینے والے وہیں کھڑے رہے، جبھی تو کراچی والوں نے بھی حصہ بننے سے انکار کردیا۔۔۔!

٭ 168 ارکان کی عددی قوت بھی عمران خان کو پرسکون رہنے نہیں دے گی۔۔۔ صحافی کا تجزیہ۔۔۔ (ایک خبر)
## ظاہر ہے ہر طرف کرپشن کے ناسور کو گلے کا ہار بنانے والے ایک عمران کو کیسے پرسکون رہنے دیں گے، اب عنقریب سخت حساب کتاب ہونے والا ہے۔۔۔!

٭ MQM کو حکومت میں شامل کرنے کا معاملہ زیر غور نہیں، سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ۔۔۔ (ایک خبر)
## یہ بہتر فیصلہ ہے، اگر شامل ہوتے ہیںMQM والے تو آپ ان کی بات نہیں مانیں گے، جب آپ سمجھانے کی کوششیں کریں گے تو وہ سمجھیں گے نہیں، اسی وجہ سے 1988ءسے لے کر2018ءتک آپ دونوں کی سرد جنگ نے ووٹر کومایوس کیا اور اس کا نتیجہ عمران خان کی صورت میں سامنے آیا۔۔۔!

٭ امریکہ میں خام تیل کے ذخائر میں اضافہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت گرگئی۔۔۔ (ایک خبر)
## پاکستان میں قوم کا تیل نکالنے کے بعد قیمتیں کم ہوگئیں۔۔۔!

٭ مولانا فضل الرحمن کی طبیعت ناساز ڈاکٹر نے آرام کا مشورہ دے دیا۔۔۔ (ایک خبر)
## ڈاکٹر صاحب کو معلوم نہیں کہ اب آرام ہی آرام ہے، 2023 کو پھر الیکشن ہوں گے۔۔۔!

٭ ملک میں سیاسی انتشار پھیلتا نظر آرہا ہے، فیصل صالح حیات۔۔۔ (ایک خبر)
## اس لئے کہ آپ ہار گئے ہیں۔۔۔!

٭ وفاق میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہوں گے، ن لیگ۔۔۔ (ایک خبر)
## جی ہاں اب آخری راستہ یہی ہے، بہت کھیل لئے۔۔۔!

٭ لوٹی دولت واپس لانے کے لئے پہلے100 روز میں ایکشن لیا جائے گا، اسد عمر پی ٹی آئی۔۔۔ (ایک خبر)
## جناب، خدا کا خوف کریں، قوم نے اس لئے آپ کو ووٹ نہیں دیئے ہیں،100 روز تو بہت ہوتے ہیں، اس کا فیصلہ 30 دن میں کریں تاکہ ملکی ترقیاتی کام ہوسکیں، سب کھاگئے لٹیرے ۔۔۔!

٭ 57 سابق ایم این ایز پارلیمان سے باہر ہوگئے۔۔۔ (ایک خبر)
## بڑی دیر کی عوام کی آرزوؤں کی تکمیل میں۔۔۔!

٭ قربانی کے جانور اور اشیائے خوراک کی افغانستان برآمد کے تمام اجازت نامے منسوخ۔۔۔ (ایک خبر)
## مستقل بنیادوں پر کئے جائیں تاکہ یہاں کی عوام بھی گوشت کے حوالے سے کچھ دن عیش کرلیں۔۔۔!

٭ آئندہ ہفتے کالا دھن چھپانے والوں کے نوٹس تیار کریں گے، FBR۔۔۔ (ایک خبر)
## جناب ایک ہفتہ تو بہت ہے، کچھ تو قوم پر رحم کریں۔۔۔!

٭ مسلم لیگ کا راستہ روکنے کے لئے بدترین دھاندلی کی گئی، ن لیگ۔۔۔ (ایک خبر)
## عمران خان تو اقتدار میں تھے نہیں، تو پھر دھاندلی کیا کالے جادو سے کی گئی۔۔۔!

٭ کراچی میں الیکشن صاف اور شفاف ہوئے، بہت وعدے کئے گئے مگر پورے نہیں ہوئے، فردوس شمیم نقوی، پی ٹی آئی (ایک خبر)
## عرصہ دراز سے صرف لفاظی سے کام چلایا گیا، اب عوام نے فیصلہ کردیا، آپ کو بھی مبارک ہو۔۔۔!

٭ اپوزیشن کے مضبوط یا کمزور ہونے کا انحصار عمران کے رویے پر ہوگا۔۔۔ (ایک خبر)
## حلف تو اٹھالینے دیجئے، اس کے بعد پتہ چلے گا کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔۔۔!

٭ بلاول روشن پاکستان کی آخری امید بن چکے، پی پی پی۔۔۔ (ایک خبر)
## جملہ درست کریں، بلاول بھٹو روشن سندھ کی آخری امید بن چکے۔۔۔!

٭ نیب افسران واہلکار چہرے کے بجائے کیس پر توجہ دیں، چیئرمین نیب۔۔۔ (ایک خبر)
## بس پھر عوام کی جیت ہوگی، پاکستان زندہ باد۔۔۔!

٭ میں آج بھی سپر اسٹار ہوں، فلم اسٹار میرا۔۔۔ (ایک خبر)
## آپ بہت ہنساتی ہیں اور ایسے بیانات پر کبھی کبھی رُلا بھی دیتی ہیں۔۔۔!

٭ 2018ءکی دوسری سہ ماہی، سونے کے زیورات کی خریداری میں12 فیصد کمی۔۔۔ (ایک خبر)
## خواتین اب زیورات استعمال ہی نہیں کرتیں، معزز ڈاکوؤں کی وجہ سے۔۔۔!

٭ شادی کے بعد فلموں میں کام کرنا نہیں چھوڑوں گی، بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ۔۔۔ (ایک خبر)
## آپ کی عادتیں سیاست دانوں سے بہت ملتی ہیں۔۔۔!

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں