The news is by your side.

بہن ہو تو مہوش حیات، دولہا ہو تو دانش

پچھلے دنوں کراچی کے ایک بینکوئٹ ہال میں ایک خاص الخاص تقریب منعقد ہوئی، تقریب کیا تھی گل گلنار تھی، فنکاروں کا میلہ تھا اور پھر مزے کی بات دیکھو کہ بزنس مین حضرات کے علاوہ سیاسی شخصیات بھی مدعو تھیں۔ غرض سب ایک دوسرے سے مل رہے تھے اور پاکستانی معروف اداکارہ مہوش حیات ہر ایک کا خیرمقدم کررہی تھیں کیونکہ بھائی تو دل کی راحت ہوتے ہیں۔مہوش حیات کے بھائی دانش حیات کی شادی خانہ آبادی تھی اور پھر بہنیں تو بھائیوں پر واری جاتی ہیں۔

تقریب کو بہت خوب صورتی سے سجایا گیا تھا، چینلز کی بڑی شخصیات تقریب میں خوشگوار موڈ میں نظر آرہی تھیں اور یہی وہ تقریب تھی جس میں لوگ خلوصِ دل سے مل رہے تھے، کوئی بھی پروفیشنل اور معروف نظر نہیں آیا، سب نے بڑی محبت سے دانش حیات کے لئے اپنے دل کے دروازے کھول رکھے تھے، مہمانوں کے لئے لاجواب لوازمات کا اہتمام پر وقار طریقے سے کیا گیا، خاصا پرُلطف ماحول تھا۔

موسم بدلتے رہتے ہیں مگر بہنوں کے دل کے موسم تو ایک جیسے رہتے ہیں، مہوش حیات ایک اچھی اداکارہ ہیں اور کامیابیوں کی سیڑھیوں پر بھی براجمان ہیں مگر ہیں تو وہ دانش حیات کی بہن اور بہنیں تو پھر بہنیں ہوتی ہیں وہ کسی بھی شعبے میں کتنے ہی اعلیٰ مقام پر کیوں نہ ہوں آخر بھائیوں کے لئے ہوتی ہیں خوب صورت دل رکھنے والی بہنیں۔

دانش حیات کی شادی خانہ آبادی سپر اسٹار ماڈل فائزہ اشفاق سے انجام پائی۔ فائزہ آج ہر دوسرے اشتہار (اسٹل فوٹو گرافی) میں نظر آتی ہیں۔ فائزہ نے بہت چھوٹی سی عمر میں کامیابیاں حاصل کیں۔ کپڑوں کے ملبوسات کے اشتہار ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فائزہ اشفاق کے بغیر ادھورے نظر آتے ہیں۔ یہاں ایک آرٹسٹ کے علاوہ فائزہ نے بھی ایک اچھی بہن کا ثبوت دیا، وہ اپنے بھائی شعیب اور انس کے ساتھ شادی کے لمحوں میں بہت خوشی سے ہر کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی تھیں۔ غرض دو فنکار بہنیں شادی والے دن صرف بہنیں نظر آئیں فنکار نہیں۔

تقریب میں روایات کی پاسداری کا خاص خیال رکھا گیا، مہوش حیات شریکِ محفل مہمانوں سے خصوصی طور پر مل رہی تھیں، جن میں ان کے عزیز واقارب بھی شامل تھے۔ یہی حال کچھ فائزہ اشفاق کا بھی تھا اور اب تو وہ خیر سے فائزہ دانش ہوگئی ہیں۔ دانش بہت خوشگوار موڈ میں لوگوں سے ملتے رہے۔ مہوش حیات، دانش حیات اور فائزہ دانش کے بھائی کا انتخاب بھی اپنی مثال آپ تھا، تمام مکتبہ فکر کے لوگ تقریب میں موجود تھے اور آنے والوں کا استقبال مہوش حیات اور دانش حیات جبکہ دلہن والوں کی طرف سے فائزہ کی والدہ کشور رعنا جو ایک سماجی معروف شخصیت ہیں اور بھلائی کا دروازہ ہر وقت کھولے رکھتی ہیں، آج کی نوجوان نسل کشور رعنا کے بارے میں نہیں جانتی مگر میں ان کی شخصیت پر ضرور روشنی ڈالوں گا کہ وہ جوانی کے دور میں ایک بہت اچھی آرٹسٹ تھیں اور پی ٹی وی کے کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرکے اپنے آپ کو منوایا۔

تقریب میں مہمانوں کے لئے وقفے وقفے سے چائے کا انتظام کیا گیا تھا اور رات کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا، اس دوران فنکاروں نے خوب صورت پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جس میں مہوش حیات بھی شامل تھیں اور ان کے خوب صورت آئٹم کو مہمانوں نے بہت پسند کیا۔

مہوش حیات نے بتایا کہ وہ فنکارانہ زندگی کو بہت سنجیدگی سے لیتی ہیں اور اپنے کام کو بہت ایمانداری سے کرتی ہیں۔ عزت تو ساری اوپر والے کے ہاتھ میں ہے، ہمیں تو صرف کام کرنا ہوتا ہے۔
اداکار جاوید شیخ کہہ رہے تھے کہ نوجوان نسل بہت اعلیٰ کام کررہی ہے اور وہ اپنے کام میں سنجیدہ ہے، جسے دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔ ماضی میں جاوید شیخ کی بحیثیت ہیرو کے ”غریبوں کا بادشاہ“ نے سپرہٹ بزنس کیا تھا مگر اب وہ ہیرو تو نہیں آتے مگر زندہ دل آج بھی ہیں اور آج بھی فلم کی ضرورت مانے جاتے ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر اب سینکڑوں فلمیں ہیں جبکہ ان کے صاحب زادے بھی شوبزنس سے منسلک ہیں اور وہ ایک کامیاب اداکار ثابت ہوئے۔

معروف بزنس مین اختیار بیگ سے راقم کا ایک پرانا دوستانہ تعلق رہا، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تقریبات میں تو لازمی جانا ہوتا ہے کہ دوستوں کا حلقہ بہت وسیع ہے مگر ایسی شوبزنس کی تقریبات بہت کم ہی نظر آتی ہیں جہاں خاندانی محبت کے چراغ جلتے نظر آئیں کیونکہ یہ گھریلو تقریب ہے اور مہوش حیات کو دیکھیں کہ ان کی تقریب میں گھریلو منظر نظر آرہا ہے۔ ابھی ان سے گفتگو جاری ہی تھی کہ شرمیلا فاروقی اپنے خاوند کے ساتھ ہال میں نظر آئیں اور وہ مہمانوں میں گھل مل گئیں۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ لوگ ٹیبل پر بہت کم بیٹھ رہے تھے بلکہ ایک دوسرے سے گفتگو میں لوگ زیادہ نظر آئے۔

شرمیلا فاروقی بہت خوش اخلاق اور نرم لہجے میں بات کرنے کی عادی ہیں وہ بھی دلہن والوں کے ساتھ مل کر لوگوں سے ملتی ہیں جبکہ ماضی میں وہ بھی آرٹسٹ رہ چکی ہیں۔ شرمیلا فاروقی بہت ہی سادہ مگر پروقار لباس زیب تن کئے ہوئے تھیں اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن رہی تھیں۔ شرمیلا فاروقی کے تایا سلمان فاروقی کی اس ملک کے لئے گراں قدر خدمات رہی ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

لوگ آتے رہے اور تقریب میں محبت کے رنگ بکھرتے رہے، دلہن فائزہ کے والد اشفاق کتنے خوش نظر آرہے تھے کہ انہوں نے ایک مذہبی اور معاشرتی فریضے کو بہت خوب صورتی سے ادا کیا، ادھر ان کی بیگم کشور رعنا سماجی شخصیت لمحہ بہ لمحہ مہمانوں کا شکریہ ادا کرتی نظر آئیں۔ فائزہ دانش جو کہ ایک معروف اور کامیاب ترین ماڈل ہیں، دلہن کے لباس میں خاصی خوب صورت دلہن لگ رہی تھیں جبکہ اس لمحے وہ ماڈل نظر نہیں آئیں بلکہ مہمانوں کے لئے خوش گفتاری کا مجسمہ نظر آرہی تھیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ دانش خوش نصیب ہیں کہ ان کی دلہن فائزہ سے انتہائی عزت واحترام سے لوگ محبت بھری نگاہ سے ملتے رہے اور ان کی ساس صاحبہ رخسار سب سے مبارک باد سمیٹتی رہیں۔

تقریب میں رات 12 بجے خصوصی گیتوں پر مبنی خوب صورت پروگرام پیش کیا گیا اور لوگوں نے ان گیتوں کے پروگراموں کو اتنی دلچسپی سے دیکھا کہ شائقینِ محفل کھانا بھی کھاتے رہے اور پروگرام سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ پروگرام میں مہوش حیات نے خوب صورت رقص پیش کرکے یہاں بھی اپنے آپ کو منوایا۔

فائزہ اور دانش نے بھی بہت خوب خوب صورت پرفارمنس دے کر مہمانوں کے دلوں کو لوٹ لیا۔ رات گئے یہ سادہ مگر پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی، اس موقع پر پروگرام کی میزبانی کے فرائض مہوش حیات کی والدہ ماضی کی معروف ٹی وی آرٹسٹ رخسار، کشور رعنا، دانش حیات اور اشفاق نے انجام دیئے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں