The news is by your side.

بھارت میں ’مشن پرموجود‘ میجرعدنان سمیع کی اصل کہانی

سوشل میڈیا پر لڑی جانے والی جانے والی جنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس جنگ میں یہ بہت بڑی غلطی تھی کہ میجر عدنان سمیع کا راز لیک آؤٹ ہو گیا۔ بھارت میں جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کے لئے کام کرنے والے جاسوس کو ایک بد نیت شخص نے عیاں کر دیا اور یہ کام سب سے پہلے ایک اینکر نے ملک دشمن طاقتوں کے ایما پر کیا تھا ۔

ایسا نہیں کہ بھارت کو شک نہیں تھا ، بھارتی خفیہ ایجنسی را کو یہ معلوم ہو گیا تھا کہ ان کی خبریں لیک کرنے اور راز چرانے والے پاکستانی ایجنٹ کا تعلق شوبز سے ہے ۔ یہ ایسے ہی تھا جیسے پاکستانی اداروں کو بعض اوقات اطلاع مل جاتی ہے کہ خودکش بمبار کا حلیہ کیا ہے اور وہ کس رنگ کی کار پر آ رہا ہے ۔ ایسی نامکمل اطلاعات کی بنیاد پر ہی دشمن کو تلاش کیا جاتا ہے اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جاتا ہے۔

بھارت نے اپنی خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایسی کئی پاکستان مخالف فلمیں بنائیں جن میں بھارت نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ اسے علم ہے اس کی صف میں پاکستانی جاسوس شامل ہیں ۔ کئی سال قبل بھارت کھل کر سامنے آیا اور اپنے اداکارنصیر الدین شاہ کو فلم ’سرفروش‘ میں ایک ایسا کردار دیا جس میں انہوں نے گلوکار کے روپ میں پاکستانی ایجنٹ کا کردار ادا کیا۔

آپ میں سے کچھ لوگوں نے یہ فلم دیکھی ہو گی ۔ یہ را کی جانب سے واضح اشارہ تھا کہ اسے معلوم ہے اس کی مخبری اعلیٰ سوسائٹی میں اٹھنے بیٹھنے والا ایک معروف گلوکار کرتا ہے لیکن وہ بلینک گیم کھیل رہا تھا ، اسے گلوکار کا نام معلوم نہیں تھا ۔ کوڈ ورڈ میں بھی اسے سنگر لکھا جاتا ہے ، ایک جگہ پارسل بھی ڈی کوڈ ہوا ، ایک بار سمائل کوڈ ورڈ تھا لیکن کسی کو پتا نہ چلا کہ سمائل ہی سمیع ہے۔

میجر عدنان سمیع اس کے باوجود نہ گھبرایا اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر فرض ادا کرتا رہا ۔ اس کے اس کانفیڈنس اور تربیت کی وجہ سے را کا شک اس کی طرف نہیں گیا اور را نے چند دیگر گلوکاروں کو جاسوس سمجھ کر تنگ بھی کیا ، ان کے لئے مشکلات بھی پیدا کیں لیکن خفیہ تحقیقات میں وہ سب کلیئر ہوتے گئے ۔ اب ایک اینکر نے ملک دشمن طاقتوں کا آلہ کار بنتے ہوئے یہ راز فاش کر دیا جس سے پہلی بار یہ بات بھی عیاں ہو گئی کہ عدنان سمیع میجر رینک کا آفیسر بھی ہے لیکن دوسری جانب ہماری خفیہ ایجنسی بھی اپنے میجر کو بچانے کے لیے متحرک ہو گئی ۔

دو ہی دن میں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک خاص اینگلنگ کے ساتھ اتنے ٹویٹس اور پوسٹوں کو پھیلا دیا گیا کہ خود را بھی کنفیوژ ہو چکی ہے کہ کہیں یہ سب کسی مذاق کا حصہ تو نہیں ہے ۔ اصل خبر اب دب چکی ہے اور ہمارے خفیہ ادارے نے بھرپور انداز میں اپنے میجر کی لیک ہونے والی خبر کو کور کر لیا ہے ۔

یہ ففتھ جنریشن وار ہے ، یہاں ہم سوشل میڈیا کی مدد سے انفارمیشن کو ڈس انفارمیشن میں تبدیل کرتے ہیں ۔ کئی ایکٹیو پیجز کام کرتے ہیں ۔ ایک کے بعد ایک پیج اوپن کر کے ڈس انفارمیشن کو شیئر کیا جاتا ہے ۔ جدید سسٹم میں کئی طرح کے براؤزر اوپن کر کے بیک وقت فیک چیٹ سے کمنٹ باکس بھرا جاتا ہے ۔

ففتھ جنریشن وار میں بھارت ہم سے بہت پیچھے ہے اور یہ بات ہم میجر عدنان سمیع کو بچا کر ثابت کر چکے ہیں۔ ہم نے سوشل میڈیا پر لڑی جانے والی جنگ میں بھی اپنی برتری ثابت کردی ہے اور بھارتی کی بورڈسورما سوائے تلملانے کے اور کچھ نہیں کرسکے ہیں ۔ تحریر ختم ہوئی جس کو اب بھی سمجھ نہ آئے وہ بس مسکرا دے۔


یہ ایک مزاحیہ تحریر ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے

شاید آپ یہ بھی پسند کریں