The news is by your side.

صولت مرزا کی پھانسی : نگہت مرزا کا سوال

ایم کیو ایم کے سابق کارکن صولت مرزا کو منگل کو صبح ساڑھے چار بجے بلوچستان کی مچھ جیل میں پھانسی دے دی گئی، انھیں سنہ 1997 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد کے قتل کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

صولت مرزا کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد ان کی پھانسی اس سے قبل اُنیس مارچ اور یکم اپریل کو ملتوی کی جاچکی تھی جب کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تیسری بار مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے تھے۔

صولت مرزا کے ویڈیو بیان نے کئی سوال جنم دیئے جیسے کہ ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے بعد کسی مجرم کی ویڈیو کیسے بنائی گئی؟ اور بنائی گئی ویڈیو میڈیا چینلز تک کس طرح پہنچی؟۔

مشہور کہاوت ہے کہ ڈوبتے کو تنکے کا سہارا بھی بہت ہوتا ہے ، صولت مرزا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’’میں سزا معاف کرنے کا نہیں کہہ رہا بلکہ درخواست کررہا ہوں کہ مجھے چند دنوں کی مہلت دی جائے تاکہ میں مزید چند باتیں قوم کے سامنے لا سکوں‘‘۔

صولت مرزا کو تو پھانسی دے دی گئی لیکن سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی نگہت مرزا کی اس ویڈیو کے بعد یہ سوال جنم لیتا ہے کہ اب صولت کے اہلِ خانہ کی حفاظت کون کرے گا ؟ صولت مرزا کے پھانسی کے بعد نگہت مرزا کا دیا ہوا یہ انٹرویو ٹی وی چیلنز پر نشر کیوں نہیں ہوا؟ مزید یہ کہ کیا واقعی صولت کو پارٹی اور ریاست دونوں نے استعمال کیا؟

11 مارچ کو ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد سے 12مئی  کو پھانسی دیئے جانے تک صولت مرزا ٹی وی چینلز اور خبروں کی زینت بنا رہا صولت مرزا کے بیان پر بے شمار تبصرے اور تجزیے ہوتے رہے، جس پر ایم کیوایم بار بار ایک ہی موقف دیتی نظر آئی کہ صولت مرزا کی ویڈیو ایک اسکرپٹ ہے جو ایم کیوایم کے خلاف ایک سازش کے تحت بنائی گئی۔بعد ازاں صولت مرزا کی اہلیہ نگہت مرزا بھی خبروں کی زینت بنی رہیں ایک انٹریو میں اہلیہ صولت مرزا کا کہنا تھا کہ  صولت کے بیان کے بعد ہمیں بیرون ملک سے دھمکیاں دی جارہی ہیں جس پر سندھ حکومت نے صولت مرزا کے گھر کے باہر سیکورٹی کے انتظامات سخت کردیئے،لیکن اب صولت کے اہلہ خانہ کی حفاظت کون کرے گا؟ ۔

 سوال یہ بھی ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک صولت مرزا سے پہلے سزائے موت کے کسی مجرم کو ڈیتھ سیل سے ویڈیو بیان جیسی سہولت فراہم نہیں کی گئی کہ تو پھر صولت پر یہ مہربانی کیوں؟

صولت کو کس نے استعمال کیا ؟ اس پارٹی نے جس کی خاطر وہ تختہِدار تک جا پہنچا یا وہ جن کے لئے پھانسی سے قبل اس نے اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کروایا؟۔

سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں صولت کو ایم کیوایم کے حق میں نعرے لگاتے دیکھا گیا جس کے بعد ذہن یہ سوچنے پر مجبور ہوتا ہے کہ اگر صولت مخلص تھا تو آخری اوقات میں اس کی جماعت نے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیوں کیا؟  یا اگرصولت مخلص تھا تو اُسنے ایسا بیان کیوں اور کس کے کہنے پر دیا؟

 فراہمیِ انصاف کی خاطر جتنی صولت مرزا کی پھانسی ضروری تھی اُتنے ہی ضروری ان سولات کے جوابات بھی ہیں ۔

میں اُمید کرتا ہوں کہ گزرتا وقت ان حقائق پر سے پردہ اُٹھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں