گزشتہ پندرہ سال سے ہماری فلم انڈسٹری کوئی قابل ذکر فلم نہیں دے سکی، اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ سینئر ہدایت کارجدید ٹیکنالوجی کے تحت فلمیں نہ بنا سکے جس کے باعث نوجوان نسل بھارتی فلموں کے سحر میں گرفتار ہو گئی، لالی ووڈ کی کچھ ہیروئنز تو ایسی تھیں کہ جو مسلسل بیس سال سے اسکرین پرحکمرانی کی کوشش میں لگی رہیں، یہی حال ہیروز کا بھی رہا اور نئے چہروں کو آگے آنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ اگر ہمارے ہدایت کار نئے چہرے سامنے لاتے تو فلم انڈسٹری یقیناً ترقی کرتی۔ ہمارے ہدایت کاروں نے بلند و بانگ دعوے تو کئے مگر ہیروز اور ہیروئنز نے اپنے معاوضے کم نہ کئے جس سے ان کی عوامی پذیرائی میں کمی آگئی۔ زبانی جمع خرچ کے ذریعے انڈسٹری کو چلانے کی کوشش کی گئی جس سے وقت کا ضیاع ہوااورپاکستانی فلم انڈسٹری اپنے اختتام کو پہنچی لیکن اب حالات تبدیل ہورہے ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی فلمز نے جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل قدر ہیں، اے آر وائی ڈیجیٹل کے سی ای او سلمان اقبال نے شانداراورکامیاب فلمیں بنا کرشائقین کے دل جیت لئے ہیں۔ جن میں’میں ہوں شاہد آفریدی‘، ’جلیبی‘، ’تین بہادر‘، ’رانگ نمبر‘، ’جوانی پھرنہیں آنی‘، شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں سی ای او سلمان اقبال نے بتایا کہ ہماری فلموں کی کامیابی کا سہرا شائقین کو جاتا ہے ان کا کہنا تھا کہ فلمیں تو بہت آرہی ہیں مگرفلم ’ہومن جہاں‘ روشن خیالی کی زندہ مثال ہوگی، فلم کے ہدایت کارعاصم رضا، ہیرواورپروڈیوسرشہریارمنورہیں اس فلم کو ویژن فیکٹری فلم یکم جنوری 2016کو ریلیز کرے گا۔
فلم کا میوزک بھی ریلیز کر دیا گیا ہے، فلم کے گلوکاروں میں زوہیب حسن ، عاطف اسلم ، زیب النسا ء بنگش جمی خان ، ٹینا ثانی اور دیگرشامل ہیں جبکہ اداکاروں میں ارشد محمود، جمال شاہ، عدیل حسین، ماہرہ خان، بشریٰ انصاری اورحمزہ علی عباسی قابل ذکر ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ فلم اپنی مثال آپ ہوگی، گلوکارہ ٹینا ثانی کا کہنا تھا کہ ہدایت کا رعاصم رضا بہت اچھے اور سلجھے ہوئے ہدایت کا رہیں۔ اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ یہ بہت مختلف اورشاندار فلم ہے۔ جمال شاہ نے کہا کہ فلم کے ہدایت کارعاصم رضا بہت باصلاحیت اور منجھے ہوئے انسان ہیں ان کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا۔
اے آر وائی فلمز کے شہزاد حسن کہنا ہے کہ فلم ’جوانی پھرنہیں آنی‘ نے فلمی صنعت میں نئی تاریخ رقم کی ہے اورہم آئندہ بھی شائقین کو اچھی اورسپر ہٹ فلمیں دیں گے، ہمیں ’ہومن جہاں‘ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔