The news is by your side.

خوشیوں کی آسان فہرست ۔۔۔

کووڈ نائٹن سے نجات پانے کے بعد دوستوں سے فردا فردا ملاقات ہوئی ۔ میری شاگرد اور دوست بھی ملنے آئی ۔ قریبا ایک دو ماہ کے وقفے کے بعد ہونے والی بیٹھک میں گفتگو کے موضوع کی طویل فہرست تھی ۔

بیشتر موضوع پرانی گفتگو کا ہی سلسلہ تھے ۔ لیکن ایک موضوع ایسا بھی سامنے آیا جس نے مجھے بے حد حیران کیا ۔ میری شاگرد نے ایک خوشگوار تبدیلی سے آگاہ کیا ۔ بتایا کہ انگریزی کے امتحان کی تیاری کے دوران ایک مضمون لکھنا تھا ۔

what makes you happy

آپ کو کون سی بات خوش کرتی ہے ۔۔

شاگرد کے مطابق تیس بتیس سالہ زندگی میں بے شمار مرتبہ خوشی ملی ۔ لیکن اس سے پہلے کبھی خوشی کو اتنا محسوس نہیں کیا ہوگا جتنا مضمون لکھتے ہوئے احساس ہوا ۔ کبھی نہیں سوچا تھا کہ چھوٹی چھوٹی باتیں جنہیں ہم نظر انداز کردیتے ہیں وہی ہماری خوشیوں کی اصل بنیاد ہیں ۔

مضمون لکھتے ہوئے جب صرف ایک دن کا ہی جائزہ لیا تو ان گنت باتوں نے بے پناہ مسرت دی ۔ صبح شوہر کے ہاتھ کی چائے پینا جو کہ بنانے اور پینے والے دونوں کے لئے صرف ایک روٹین ہے لیکن اگر اس روٹین میں معمولی سی بھی تبدیلی آئے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ کتنی بڑی خوشی اور اطمینان کا باعث ہے ۔

خوشی فہرست

دن کے اس آغاز سے لے کر اختتام تک ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران کئی ان گنت خوشیاں معمولات زندگی کا حصہ بن چکی ہیں لیکن ہم کبھی اسے گنتی میں نہیں لاتے کیوں کہ زیادہ تر وقت وہ تمام خوشیوں کے حصول پر صرف ہوتا ہے جو موجود نہیں ایسے میں جو خوشیاں موجود اور اردگرد پھیلی ہوئی ہوتی ہیں ہم اس کی قدر کرنا بھول جاتے ہیں ۔

الربٹ آئنسٹائن کے مطابق ۔۔ ایک میز ، ایک کرسی ، پھولوں کا پیلہ اور ایک وائلن ۔ کسی انسان کو خوش رہنے کے لئے اس سے زیادہ کیا چاہئے ۔

ہر شخص کے لئے خوشی کا تصور مختلف ضرور ہوسکتا ہے لیکن اس کا فلسفہ ایک ہی ہے ، جو لمحہ موجود ہے اصل خوشی اسی میں ہے ۔ منزل سے زیادہ سفر خوبصورت ہوجائے تو تھکاوٹ یا پچتاوا کبھی پیچھا نہیں کرتا ۔ کیوں کہ بدھا کے بقول خوشی کا کوئی راستہ نہیں خوشی تو خود ایک راستہ یے اور یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو شکر گذاری سے جڑا ہوا ہے ۔ جتنی زیادہ شکر گذاری اتنے ہی زیادہ شکر کرنے کے مواقع ۔ اسی طرح خوشیوں کو پہچاننا اور خوش ہونا ہی اصل خوشیوں کا سبب ہے ۔

آج سے کوئی اور کام شروع کریں یا نہ کریں ۔ ایک فہرست ضرور تیار کریں ۔ کہ آپ کو کون سی چیز خوش کرتی ہے
اس سے نہ صرف ان چیزوں کے حصول میں مدد ملے گی جو زندگی میں نہیں بلکہ ان چیزوں کی قدر کرنے کی بھی توفیق ہوگی جو حقیقی خوشیوں کا باعث ہے ۔۔ لیکن عدم توجہی اور غفلت کی وجہ سے ہم ان خوشیوں کو انجوائے نہیں کر پارہے ۔

آسان سا نسخہ ہے ۔۔ دل سے محبت کریں ، جو کام کریں دل سے کریں اور امید کا دامن کبھی نہ چھوڑیں ۔ خوشی آپ کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑے گی ۔

 

شاید آپ یہ بھی پسند کریں