The news is by your side.

میدان کرکٹ کا ہے جنگ کا نہیں

پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا سب سے اہم میچ کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کوئی بھی ہو پاک بھارت میچ اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور جب بات کرکٹ کی ہو تو جوش اور بھی زیادہ ہوتا ہے۔ دونوں ملکوں کے عوام کرکٹ کے دیوانے سمجھے جاتے ہیں۔ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے مگر کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں فیورٹ اور مظبوط ترین بھارتی ٹیم کو حیران کن اور بھاری مارجن سے شکست دینے والی ٹیم گرین کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن اگر دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو بھارتی ٹیم بھرپور فارم میں ہے اور بھارت کو فیورٹ کہا جا سکتا ہے۔

پاکستان نے مجموعی طور پر 920 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ پاکستان 480 میچوں میں فاتح رہا، 412 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 8 میچز ٹائی اور 20 بے نتیجہ رہے۔ بھارت نے مجموعی طور پر 968 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ 502 میں بھارت فاتح رہا، 417 میں شکست مقدر بنی، 9 میچز ٹائی اور 40 بے نتیجہ رہے۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت 77 مقابلوں میں سے 48 میں فاتح رہا، 27 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک میچ ٹائی اور ایک بے نتیجہ رہا۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان نے 74 میچز کھیلے۔ 41 میں فتح حاصل کی اور 31 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2 میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔

پاکستان اور بھارت کے سفارتی تعلقات زیادہ اچھے نہیں رہتے اور ان دنوں بھی سفارتی سطح پر تعلقات میں ڈیڈ لاک ہے، ایسے حالات میں دونوں ملکوں کا میڈیا کرکٹ کے میدان کو جنگ کا میدان بنانے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ دونوں ملکوں کے شائقین بھی اس میچ کو پاک بھارت وار اور کرکٹ کی جنگ کہتے نظر آتے ہیں۔ کرکٹ ایک کھیل ہے اور کھیل کو کھیل سمجھنا چاہیے۔ دونوں ملکوں کے کھلاڑی اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے اور جیت کا جذبہ لے کر میدان میں اترتے ہیں اور ہار جیت تو کھیل کا حصہ ہے، ظاہر ہے فتح کسی ایک ٹیم کا مقدر بنتی ہے۔ میں انڈیا اور پاکستان کے کرکٹ شائقین کو ایک مشورہ دینا چاہتا ہوں: “اپنی ٹیم کو ہارتا دیکھ کر ٹیلی ویژن توڑنے سے بہتر ہے جیتنے والی ٹیم کو اچھا کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی جائے۔”

پاکستان اور بھارت اب تک 131 ون ڈے میچوں میں مدمقابل آئے ہیں اور پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ پاکستان نے 73 اور انڈیا نے 54 میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ 4 میچز بے نتیجہ رہے۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں 6 مرتبہ مدمقابل آئیں اور پاکستان اب تک کسی بھی میچ میں بھارت کو شکست نہیں دے سکا۔

پاکستان اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں تاریخ بدل پائے گا یا نہیں اس کا فیصلہ تو آج ہو جائے گا مگر ہمیں تاریخ بدلنی ہوگی اور فیصلہ کرنا ہوگا کہ کرکٹ کو کرکٹ سمجھا جائے نا کہ جنگ۔ کھیلوں کے ذریعے امن کو فروغ دیا جاسکتا ہے اس لئے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز بھی شروع ہونی چاہیے۔ آج کے میچ میں بھی کہیں بارش نا جیت جائے، اگر ایسا ہوا تو شائقین بے حد مایوس ہوں گے لیکن میری خواہش ہے کہ پاکستان بھارت کو شکست دے کر میگا ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرے۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں