ہر چالیس سیکنڈ میں ایک انسان اپنی مرضی سے موت کو گلے لگا رہا ہے ۔ خودکشی کی روک تھام کرنے والے اداروں کی جانب سے دیئے گئے ڈیٹا کے مطابق ہر چالیس سیکنڈ میں ایک انسان خودکشی کرتا ہے ۔
لیکن میں اسے خودکشی نہیں مانتی یہ ایک قتل ہے ۔۔ دینی کتاب میں ایک روایت پڑھی تھی ۔۔ ایک شخص کو موت کے بعد قتل کے جرم میں سزا دی جاتی ہے وہ حیران و پریشان ہو کر گڑگڑاتا ہے کہ میں نے تو کبھی کسی کو پتھر نہیں مارا بھلا جان کیسے لے سکتا ہوں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوتی ۔ اعمال نامے سے دریافت ہوتا ہے کہ مجرم نے کوئی ایسے الفاظ ادا کئے تھے جو کسی کی جان جانے کا سبب بننے ۔ یہ روایت سبق آموز ہے ۔
ہم سب پر لاگو ہوتی ہے اور اس بات کی بھی دلیل ہے کہ خودکشی ایک قتل ہی ہے ۔ اسے حرام موت کہہ کر اسکا بوجھ مرنے والے پر ڈال دینے سے اپنے حصے کے گناہ نہیں دھلیں گے ۔
اکتوبر کا مہینہ ذہنی صحت سے متعلق آگہی دینے کا مہینہ ہے ۔۔ ایک صحت مند ذہن کبھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے سے متعلق نہیں سوچ سکتا کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ زندگی ایک بہت بڑی نعمت ہے ۔ لیکن ایک صحت مند ذہن کی تشکیل میں صرف فرد واحد کا ہاتھ یا کردار نہیں خاندان ، دوست احباب ، معاشرہ مل کر ذہن کی الجھنوں اور سلجھنوں کا سبب بنتا ہے ۔
ہم میں سے ہر شخص کسی نہ کسی انداز میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے ۔ کوئی غربت تو کوئی صحت کے مسائل کا شکار ہے ، کوئی سماجی تو کوئی معاشرتی پریشانیوں میں مبتلا ہے ۔ اس جنگ کے دوران ہم اپنی مدد آپ کے تحت آگے بڑھتے ہیں شاید کسی اور کی مدد کا تصور ذہن میں آنا دشوار ہو لیکن اتنا تو کیا ہی جاسکتا ہے کہ کسی کی جنگ کی آگ کو بھڑکانے کا سبب نہ بنے ۔
دانا کہتے ہیں گر نہیں دے سکتے گر والی بات تو کوسکتے ہو ۔۔ لفظ کی ضرب بہت کاری ہوتی ہے ۔۔ کسی اجنبی ، کسی اپنے ، کسی غیر یا کسی قریبی سے بات کرتے ہوئے لفظوں پر غور ضرور کیجئے ۔ کڑوی بات کہنا ضروری ہو تو اس میں لہجے کیشاشنی تو ملائی ہی جاسکتی ہے ۔ لفظوں کی اہمیت کو جاننے کے لئے انگریزی کی کہاوت کا اردو میں تھوڑا نا مناسب سا ترجمہ کئے دیتی ہوں ۔
تین خوبصورت الفاظ ۔۔ تین سردیوں کو گرما سکتے ہیں ۔۔ اپنے الفاظ سے ان لوگوں کو حوصلہ دیجئے جن کی باتوں میں زندگی سے مایوسی کا احساس ہوتا ہو ۔۔ یقین جانئے یہ الفاظ خالی نہیں جائیں گے ۔۔ یہ آپ کی جانب ایک جان کو بچانے ۔ ایک زندگی کو محفوظ کرنے کی جزا کے طور پر لوٹیں گے ۔۔ دوسروں کے گوش گزار کئے گئے نرم الفاظ وہ تیر ہے جو آپ کو آپکی زندگی کی جنگ لڑنے میں معاونت کریں گے ۔
خودکشی روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔۔ دل اورزبان نرم کیجئے ۔۔