The news is by your side.

پاکستان اور بنگلہ دیش سیریز: رضوان اور شاہین کو آرام دینا چاہئیے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغازجمعے سے ہورہا ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ڈھاکہ میں دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لئے بارہ کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔ حیران کن طور پر پی ایس ایل 6 کے ٹاپ وکٹ ٹیکر شاہنواز داہانی جو پچھلے چار ماہ سے ٹیم کے ساتھ گھوم رہےہیں ۔ ان 12 کھلاڑیوں میں بھی شامل نہیں۔

ورلڈ کپ میں بھی انہیں حتمی الیون میں شامل کرنے کی آوازیں اٹھیں تو منجمنٹ نے یہ کہہ کر جان چھڑا لی کے داہانی ریزور کھلاڑیوں میں شامل ہے ۔ اسے میچ نہیں کھلاسکتے۔ اب بنگلہ دیش کے دورے پر ایسا کوئی مسئلہ نہیں لیکن اب بھی داہانی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھائی ۔ بھارت کو پہلی بار ورلڈ کپ میچ میں شکست د ے کر روایت بدلی۔ نیوزی لینڈ کو ہرایا۔ پھر بھی بنگلہ دیش کے دورے پر شکست کا اتنا خوف کے نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے سے گھبرا رہے ہیں۔ محمد رضوان ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل دو دن آئی سی یو میں رہے۔ سخت مشکل حالات سے گزر کر بامشکل میچ کھیلا ۔ میچ کے دوران بھی کئی بار انکی حالت غیر ہوئی لیکن رضوان سنبھل گئے۔

اب موقع تھا انہیں بنگلہ دیش کے خلاف آرام دے کر مکمل صحتیاب ہونے کا وقت دیا جاتا۔ لیکن شکست کا خوف رضوان کو ٹیم سے باہر نہ کرسکا۔

اگر منجمنٹ کی ضد کی وجہ سے ایک اسٹار کھلاڑی کو کچھ ہوگیا تو نقصان کس کا ہوگا۔ ایک شکست کے خوف سے ہم بڑا نقصان کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اس وقت کمزور ترین ہے۔ ان کے سپر اسٹار شکیب الحسن اورتمیم اقبال انجری کے باعث ٹیم میں نہیں ہیں۔

مشفق الرحیم کو سلیکٹرز نے موقع نہیں دیا۔کپتان محمود اللہ فاسٹ بولر مستفیض الرحمان اور اسپنر مہدی حسن کچھ تجربہ کار کھلاڑی ہیں ۔

باقی زیادہ تر ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اس کے باوجود پاکستان کو شکست کا خوف ہے۔

بنگلہ دیش کے نوجوان کھلاڑیوں نے مل کر اتنے میچز نہیں کھیلے جتنے اکیلے شعیب ملک نے کھیلے ہیں۔ پاکستان ٹیم کو شکست کے خوف سے باہر آنا ہوگا۔ اگر بنگلہ دیش کے خلاف بھی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع نہیں دیں گے تو پھر کب۔ شاہین آفریدی مسلسل کھیل رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز بھی ہونی ہے۔

شاہین کو ٹی ٹوئنٹی میں آرام دے کر ٹیسٹ میں موقع دیتے۔ اس دورے کے بعد شاہین کو پی ایس ایل کے تمام میچز کھیلنے ہیں اورپھر آسٹریلیا کا دورہ پاکستان۔ اس میں تو شاہین کو بٹھانا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اسلئے بہتر تھا ابھی آرام دے کر اسے تازہ دم ہونے کا موقع دیتے۔

لیکن افسوس شکست کا خوف پاکستان کو مشکل فیصلے کرنے نہیں دیتا۔ اگر لمبی ریس میں دوڑنا ہے تو پاکستان کو یہ روایت بدلنا ہوگی۔ ۔۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں