The news is by your side.

 پاکستان سپر لیگ سیزن7 کی تیاریاں

 پاکستان سپر لیگ سیزن7 کی تیاریاں زور و شور جار ی ہیں۔ایونٹ کے انعقاد میں اب بس چند ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔27 جنوری سے ایکشن سے بھرپور کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگی۔

پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کرکٹ برینڈبن گیا ہے۔ کورونا کے باعث اس بڑے برینڈ کی چمک دمک برقرار رکھنے کیلئے بہت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

گزشتہ سال پی سی بی کے ناقص انتظامات اور کھلاڑیوں کی غلطیوں کی وجہ سے لیگ کو کافی نقصان پہنچا، پی ایس ایل6 کے لئےانتظامیہ نے جو بائیو ببل ترتیب دیا وہ ایک مذاق تھا۔ کھلاڑی اپنی مرضی سے ہوٹل سے باہر آجار ہے تھے۔ جس سے دل چاہے ملاقات کر رہے تھے۔ جس ہوٹل میں تمام ٹیمیں قیام پزیر تھیں وہاں شادی بیاہ کی تقریبات اور دیگر مہمانوں کے آنا جانا بھی لگا ہو اتھا۔ کچھ ایسی خبریں بھی تھیں کہ بائیو ببل میں شامل کھلاڑی اور دیگر مہمان ایک ہی لفٹ استعمال کر رہے ہیں۔

بائیو ببل کو ممکن بنانے کے لئے موجود اسٹاف نے جب کھلاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے معاملے کی نذاکت سمجھنے کے بجائے اسٹاف کو ہی ڈرانا دھمکانہ شروع کردیا۔ جو انتہائی افسوس ناک تھا۔پھرو ہی ہوا جس کا خوف تھا۔ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 پر کورونا نے شدید وار کیا اور لیگ بیچ میں روکنا پڑی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)

اس بار پی سی بی نے گزشتہ غلطیاں نہ دہرانے کا تہیہ کیا ہے۔پی سی بی نے سیزن 7 کے لئے پورا ہوٹل بک کرلیا ہے۔ ایک فلور پر ایک ٹیم قیام کرے گی۔ آفیشل اور دیگر اسٹاف بھی بائیو ببل کا حصہ ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو بائیو ببل میں شامل کرنے پر لکچر دیا جائے گا کہ وہ کہاں جاسکتے ہیں اورکہاں نہیں۔کیا کرسکتے ہیں اور کیا نہیں۔ بورڈ نےپی ایس ایل7 کیلئےکورونا ایس او پیز بھی تیار کرلیے ہیں۔

کورونا کے سبب اس بار تمام ٹیموں کو 20رکنی اسکواڈ رکھنے کی اجازت ہے ۔ پی سی بی ایس او پیز کے مطابق 20میں سے12 کھلاڑیوں کا میچ فٹ ہونا ضروری ہے مطلب اسکواڈ میں 8کھلاڑیوں کےکوویڈ ٹیسٹ مثبت آنےپربھی میچ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں کو علیحدہ بائیو ببل میں قرنطینہ کیا جائے گا۔

بائیو سیکیور ببل میں25 سے30 اضافی کھلاڑی رکھنےکی تجویز بھی زیر غور ہے۔ کورونامثبت آنے پر کھلاڑی کامتبادل بائیوسیکیورببل میں پہلے سے موجودکھلاڑیوں سےلیاجائےگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سیزن سیون کے کامیاب انعقاد کے لئے بھرپور کوششیں کر رہاہے۔ اب کھلاڑیوں کو بھی چاہیے بورڈ کے ساتھ تعاون کریں ۔ جو احکامات کھلاڑیوں کو دیئے جائیںان پر عمل کریں ۔ پاکستان سپر لیگ اب صرف ایک برینڈ نہیں ہے بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان بھی ہے۔

سیزن 7 کے لئے این سی او سی نے سو فیصد تماشائیوں کو گراونڈ میں میچ دیکھنے کی اجازت دی ہے۔ فینز کو بھی چاہیے کہ وہ ایس او پیز کا خیال رکھیں اور مکمل ویکسین لگوائے ہوئے لوگ ہی میچ دیکھنے جائیں تاکہ اس بڑے برینڈ کو نقصان نہ پہنچے۔

ہم سب کو مل کر اپنے ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے تاکہ دنیا کو معلوم ہو ہم زندہ دل قوم ہیں۔ کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں ۔ مہمان نوازی میں سب سے آگے ہیں۔ کیوں کہ پی ایس ایل کامیاب ہوگا تو پاکستان کامیاب ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں