The news is by your side.

میں ماں نہیں ہوں!

ہر اک ہے مجھ سے تنگ تو میرا ہے کیا قصور!
مجھ کو نہیں ہے ڈھنگ تو میرا ہے کیا قصور

پیارے دوستو! میرا نام ہے موبائل فون۔ میں سستا بھی ہوں اور منہگا ترین بھی۔ میرا وزن کم بھی ہو تو میری قیمت بہت بھاری ہے۔ میں کہاں سے آیا، یہ کہانی بہت لمبی ہے، لیکن میں زیادہ تر آپ کے ہاتھ میں رہتا ہوں۔ آپ کی جیب میں آرام کرتا ہوں اور آپ کے تکیے کے نیچے سوتا ہوں۔

مجھے امیاں بہت گالیاں دیتی ہیں۔ دادا، دادی اور اسی طرح بڑی عمر کے اکثر لوگ مجھے ناپسند کرتے ہیں، لیکن ایک منٹ! یہ تو پرانی بات ہو گئی۔

اب تو میں کھانا پکانے کا ساتھی ہوں۔ شوگر، بلڈ پریشر، کھانسی جیسے مسائل کا حل بتاتا ہوں۔ میں ڈاکٹر بھی ہوں اور حکیم بھی۔ میں مسیحا بھی ہوں اور نشتر بھی۔ میں آپ کی گھڑی بھی ہوں، آپ کا کلینڈر بھی۔ قدیم داستانوں اور پرانی ہندوستانی فلموں میں آپ نے اچھا دھاری ناگ کے بارے میں تو سنا ہی ہو گا۔ میں اس سے بھی زیادہ روپ اختیار کر سکتا ہوں۔

میں بڑا چالاک ہوں۔ میں نے پہلے تو چپکے چپکے آپ کے ٹیلی فون کی جگہ لی۔ اب میں آپ کے ٹیلی ویژن کی جگہ لے چکا ہوں۔

جب کوئی مجھ پر اعتراض کرے تو میں دنیا کی سب سے وسیع لائبریری بن جاتا ہوں۔ میں راستے سے بھٹکانے کے لیے بدنام ہوں، لیکن میں تو گوگل میپ بن کر راستہ دکھاتا ہوں۔ میں رابطے کا ذریعہ ہوں، میں اخبار ہوں، میں خط ہوں۔ میں ریڈیو ہوں۔ میں ٹیپ ریکارڈر ہوں۔ میں فیشن میگزین ہوں۔ میں فلمی جریدہ ہوں۔ میں نے ویڈیو گیم اور سی ڈی کی دکانوں کو بند کروایا۔ میں نے ہر نیٹ کیفے کو تالے لگوا دیے۔

میں آپ کا ماہرِ خوراک بھی ہوں اور آپ کا جم کوچ بھی۔ میں کورونا کی وبا کے دنوں میں آپ کا کلاس روم بھی بن گیا۔ میں آپ کا اسنوکر ٹیبل ہوں، میں آپ کا لڈو ہوں۔ میں شطرنج کی بساط ہوں۔ میں آپ کا روزنامچہ ہوں، آپ کی فوٹو البم ہوں۔ آپ کا کیمرہ ہوں۔

میں بازار ہوں، میں دکان ہوں۔ میں پک اینڈ ڈراپ سروس ہوں۔ بس یہ سمجھو کہ تم جو سوچو میں وہی بن سکتا ہوں۔ میں آج تمھاری زندگی کا جزوِ لازم ضرور ہوں لیکن میں ماں نہیں ہوں۔ میں ماں نہیں بن سکتا۔ اس لیے اپنی ماؤں کو وقت دو۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں