The news is by your side.

ورلڈ کپ: قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات بڑھ گئےلیکن…

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی ناقابل شکست ٹیم جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 33 رنز سے ہرا دیا۔کامیابی کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات کچھ بڑھ گئے ہیں لیکن اب بھی بہت سے اگر مگر موجود ہیں۔

میچ شروع ہوا تو کسی کو یقین نہیں تھا پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کو ہرا دے گی۔ قومی ٹیم کا آغاز پھر مایوس کن رہا۔ قومی ٹیم کے اوپننر ایک بار پھر کچھ نہ کرسکے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف قومی اوپننگ شراکت پہلے اوور کی چوتھے گیند پر ہی ٹوٹ گئی جب رضوان صرف 4 رنز بناکر پارنل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بابر 15 گیندیں روکنے کے بعد 6 رنز بناکر چلتے بنے۔ اس ورلڈ کپ میں پاکستان کی اوپننگ سب سے زیادہ مشکل میں ہے۔ بھارت کے خلاف قومی اوپننگ جوڑی ساتویں گیند پر ٹوٹ گئی۔ زمبابوے کے خلاف اوپننرز نے 21 گیندیں تو کھیلیں لیکن رنز سے صرف 13 بنائے۔ نیدرلینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر 16 رنز بنا کر اوپننگ شراکت ختم ہوگئی۔ رواں ورلڈ کپ کے چار میچز میں قومی اوپننگ جوڑی 44 گیندیں کھیل کرصرف 34 رنز بناسکی۔۔ تیسرے نمبر پر محمد حارث کو سرپرائز انٹری دی گئی اور انہوں نے آتے ہی سب کو سچ میں سرپرائز کردیا۔ محمد حارث نے ربادا کو مسلسل 3 گیندوں پر 3 باونڈریز لگا کر میچ کا مومنٹم ہی بدل دیا۔ محمد حارث نے 11 گیندوں 28 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ بابر اعظم جو ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بلے باز رہ چکے ہیں ان کے سامنے ایک نوجوان کھلاڑی جو اپنے کیرئیر کا دوسرا میچ کھیل رہا تھا وہ بے دھڑک باونڈریز مارتا رہا لیکن بابر اعظم اس وقت بھی ٹک ٹک ہی کرتے رہے ، بابر نے 15 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔ ان 15 گیندوں پر بابر کوئی باونڈری نہ لگا سکے۔ 9 گیندیں بابر نے ڈاٹ کھیلیں۔ اس بات سے آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ بابر کتنے پریشر میں ہیں کہ ایک نوجوان ربادا جیسے بولر کو باآسانی باونڈریز لگارہے ہیں اور بابر سے شاٹ کھیلنا مشکل ہورہا ہے۔ خیر موجودہ کارکردگی کے بعد تو لگتا ہے اس اوپننگ جوڑی کا یہ آخری ایونٹ ہوگا۔ ورلڈ کپ کے بعد اسپیشلسٹ اوپننرز کو ہی موقع دیا جائے گا۔ حارث اور بابر کے آوٹ ہونے کے بعد تو افتخار احمد اور شاداب خان نے جنوبی افریقی بولرز کی درگت ہی بنادی۔ افتخار نے 33 گیندوں پر نصف سنچری بنائی یہ افتخار کی رواں ورلڈ کپ میں دوسری نصف سنچری ہے۔ شاداب نے تو حریف بولروں پر ایسا لاٹھی چارج کیا کہ وہ سنبھل ہی نہ سکے۔ شاداب نے صرف 20 گیندوں پر 5 چھکوں کی بدولت ففٹی مکمل کی۔

آج شاداب کا دن تھا بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی آتے ہی باووما اور مارکرم کی اہم وکٹیں لے آڑے۔ شاہین آفریدی نے بھی آج نپی تلی بولنگ کی 3 کھلاڑٰیوں کو آوٹ بھی کیا لیکن ابھی بھی شاہین مکمل فٹ نہیں ہیں انہیں بہت سنبھل کر بولنگ کرنا ہوگی ورنہ انجری دوبارہ آسکتی ہے۔ پاکستان ٹیم میچ جیت کر گروپ 2 میں تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ اب ٹاپ 2 میں آنے کے لئے پاکستان کو بنگلہ دیش سے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی نیدرلینڈز کے خلاف شکست کی دعا بھی کرنا ہوگی جو ناممکن لگتا ہے اس لئے اگر میچ میں بارش ہوجائے تو جنوبی افریقہ کو پوائنٹس بھی 6 ہوجائیں گے۔ لیکن بارش کی دعا بھی بہت احتیاط سے کرنی ہے کیوں کہ پاکستان کا میچ بھی اس ہی گراونڈ میں ہے جہاں جنوبی افریقہ کا میچ ہونا ہے۔ اگر زیادہ بارش ہوگئی تو پاکستان کا میچ بھی متاثر ہوسکتا ہے اور ایسی صورت میں پاکستان کو نقصان ہوگا۔ یعنی پاکستان جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے لئے اتوار کا دن فیصلہ کا دن ہوگا۔ جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کا میچ اتوار کی صبح 5 بجے شروع ہوگا جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ 9 بجے کھیلا جانا ہے۔ پاکستان ٹیم کو فینز کی دعاؤں کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں