The news is by your side.

ورلڈ کپ: سڈنی کی کنڈیشنز پاکستان کو سوٹ کرتی ہیں

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران میچ ہارنے کے بعد کہا تھا جس طرح دن، رات، بارش، ہوا، سردی، گرمی قدرت کا نظام ہے اسی طرح ہار، جیت بھی قدرت کا نظام ہے۔ کبھی ایک ٹیم جیتتی ہے اور کبھی دوسری ٹیم کامیاب رہتی ہے۔

کرکٹ‌ کے سنجیدہ شائقین اور بعض سینئر کھلاڑیوں نے بھی ثقلین کے اس بیان کو ایک مذاق قرار دیا تھا اور اس حوالے سے ان پر تنقید کی گئی تھی۔ کسی نے کہا سب کچھ قدرت ہی کی طرف سے ہوگا تو کوچنگ اسٹاف کو گھر بھیج دینا چاہیے۔ کسی نے کہا پھر اسٹار کھلاڑیوں پر اتنی رقم خرچ کرنے اور مالی وسائل جھونکنے کی کیا ضرورت ہے۔ قدرت پر یقین رکھیں اور کسی کو بھی گراونڈ میں اتار دیں۔ کچھ نے کہا سب کچھ قدرت ہی کرتی ہے تو اتنی پریکٹس اور منصوبہ بندی سب کا کیا فائدہ۔ لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان جس طرح سیمی فائنل میں پہنچا ہے اس میں‌ تو قدرت ہی کا دخل نظر آرہا ہے۔ کیوں کہ پاکستان ورلڈ کپ کے ابتدا میں جیسا کھیلا اس سے کسی کو بھی نہیں لگتا تھا کہ پاکستان سیمی فائنل میں جائےگا۔ کل تک جو ٹیم گروپ میں پانچویں نمبر پر تھی آج وہ سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ قدرت نے ایسے حالات پیدا کردیے کہ سب حیران ہی رہ گئے۔

قدرت کا کرشمہ دیکھیں گروپ کی سب سے مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ نیدرلینڈز سے ہار گئی۔ رباڈا، نگیڈی ، پارنل اور نورکیا جیسا پیس اٹیک جو 150 کی اسپیڈ سے گیند کرتے ہیں ان کے خلاف پہلے نیدرلینڈز سے 158 رنز بنوائے اس کے بعد ڈی کوک، مارکرم ، ملر اور کلاسن جیسے ٹاپ کلاس بلے بازوں کے ہوتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 145 تک محدود کردیا یہ قدرت نہیں تو اور کیا ہے غیبی طاقتوں نے جنوبی افریقہ کے گرد ایسا گھیرا ڈالا کو وہ کچھ نہ کرسکے اور خاموشی سے میچ ہار کر گھر کو چلتے بنے۔

پاکستان کے سیمی فائنل تک کے سفر پر نظر ڈالی جائے تو متعدد جگہ پر آپکو قدرت کے کرشمے دکھائی دیں گے۔ کہانی شروع ہوتی ہے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے جب فخر زمان انجرڈ ہوئے تو انکی جگہ حیران کن طور پر محمد حارث کو پلائینگ الیون میں شامل کیا گیا۔ حارث جو ماضی میں بری طرح ناکام رہے تھے۔ آتے ہی جنوبی افریقہ کے خلاف 11 گیندوں پر 28 رنز بنا کر میچ کا مومنٹم ہی پاکستان کی جانب موڑ دیا۔ ربادا جیسے فاسٹ بولر کو ایک اوور میں 3 باونڈریز لگا کر دیگر آنے والے بلے بازوں کا حوصلہ بڑھا دیا۔ قدرت نے شاداب میں ایسی شکتی بھری کہ انہوں نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری جڑ دی۔ پاکستان نے 186 رنز کا بڑا ہدف جنوبی افریقہ کو دیا۔ جنوبی افریقہ کی بیٹنگ ہدف کی جانب سے گامزن تھی۔ کہ پھر قدرت کو جوش آیا اور بارش نے میچ رکوا دیا۔ بارش کے بعد میچ شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 14 اوورز میں 142 رنز کا ہدف ملا بارش کی وجہ سے کنڈیشنز مشکل ہوگئیں آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے گراونڈ شاٹس لگانا مشکل ہوگیا۔ جنوبی افریقہ 14 اوور میں 9 وکٹ پر 109 رنز بناسکا۔ پاکستان 33 رنز سے میچ جیت گیا نہ صرف میچ جیتا بلکہ اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرلیا۔ یہاں تک تو پھر بھی ٹھیک تھا لیکن کل رات تک بھی سب نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کے میچ کے لئے بارش کی دعا کر رہے تھے کیوں کہ کسی کو یقین نہیں تھا کہ جنوبی افریقہ نیدرلینڈز سے ہار بھی سکتا ہے۔ لیکن جب قدرت نے فیصلہ کرلیا تو پھر کیا مجال جنوبی افریقہ کی کہ وہ میچ جیت جاتا۔ نیدرلینڈز کی کامیابی کے بعد تو جیسے پاکستانی فینز کی امیدیں ساتویں آسمان پر پہنچ گئیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان ٹاس ہار گیا لیکن قدرت کے ایسے کرشمے دیکھنے کے بعد پاکستانی فینز کو یقین تھا جیت پاکستان کی ہی ہوگی۔ کیوں کہ معاملہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا نہیں بلکہ قدرت اور بنگلہ دیش کے درمیان تھا۔ بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کریز سے ایک قدم آگے نکل کر کھیلے۔ گیند ان کے ٹو پر لگی امپائر نے آوٹ دے دیا۔ شکیب نے ریویو لیاجس میں تھرڈ امپائر نے الٹرا ایج پر گیند بیٹ سے ٹکرانے کے نشانات دیکھنے کے بعد بھی شکیب کو آوٹ قرار دے دیا۔ وہ فیصلہ یقینا حیران کن تھا۔ پھر پاکستان کی بیٹنگ میں محمد نواز شاٹ کھیل کر آدھی پچ پر پہنچ گئے فیلڈر نے تھرو کی گیند وکٹ سے بچتی ہوئی باونڈری لائن کے پار چلی گئی یعنی نہ صرف نواز آوٹ ہونے سے بچ گئے بلکہ بائے کہ 4 رنز بھی مل گئے۔ اس میچ میں بھی محمد حارث نے اچھی بیٹنگ کی۔ پاکستان 5 وکٹوں سے میچ جیتا اور سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جہاں اسکا مقابلہ بدھ کو سڈنی میں نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اب قدرت کی منصوبہ بندی دیکھیں سڈنی کی کنڈیشنز پاکستان کو سوٹ کرتی ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے پاکستان کسی دباؤ کا شکار بھی نہیں ہوتا۔ یعنی قدرت پاکستان کو فائنل میں پہنچانے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے بس اب پاکستانی ٹیم کے ہاتھ میں کہ وہ اپنی نیت صاف رکھیں اور فائنل کھیلنے کی تیاری کریں۔ ویسے معلوم نہیں کیوں مجھے ملیبرن میں پھر پاک بھارت میچ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اگر ایسا نہ ہوسکا تو پھر نیوزی لینڈ فائنل جیتے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں