The news is by your side.

رمضان ‘ گداگر اوردہشت گردی

شہرِقائد میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل گداگر مافیامتحرک ہوتی ہے اورملک بھر سے گاڑیاں بھرکرگداگروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ اکثر اوقات کراچی کی سڑکوں، مزاروں اور بازاروں میں  گداگروں کی خاصی بڑی تعداد نظر آتی ہے، اور یہ  گداگر مختلف شاہراہوں پر سگنل بند ہوتے ہی گاڑیوں کے آگے شہریوں سے اللہ کے نام پر پیسے مانگتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

یہی نہیں جب آپ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کہیں جائیں تو اس وقت یہ پیشہ ور گداگر شہریوں کو زیادہ تنگ کرتے نظر آتے ہیں، ان پیشہ ور گداگروں کی وجہ سے لوگوں کے نزدیک یہ سمجھنا مشکل ہوگیا ہے کہ مستحق کون سے ہیں اور پیشہ ور گداگر کون ہیں۔

شہر کراچی میں اللہ کے فضل و کرم سے امن و امان کی صورتحال کافی یہتر ہے، سیکورٹی اداروں نے ساڑھے تین سال کراچی آپریشن کرکے اہم کامیابیاں سیمیٹیں اور کراچی میں امن قائم کیا ہے۔

اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نظر رکھی جائے کہ ان گداگروں کے بھیس میں شہر میں کون داخل ہورہا ہے اس کا کسی کو کیا معلوم؟ نہ ان کی آمد کے موقع پر بس اڈوں یا ریلوے اسٹیشن پر کوئی خاطر خواہ چیکنگ کی جاتی ہے اور نہ ہی شہر میں گھومتے ان بہروپیوں کو کوئی پولیس اہلکار یا رینجرز اہلکار روک کر ان کی معلومات کرتا ہے۔

رمضان المبارک میں آئی جی سندھ  کی جانب سے شہرمیں فول پروف سیکورٹی دینے کا اعلان کردیا جاتا ہے اورسیکورٹی کے انتظامات تسلی بخش بھی ہوتے ہیں مگر کیا ہی اچھا ہو کہ ان پیشہ ور گداگروں پر بھی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی دہشت گرد یا امن دشمن قوتیں شہر میں جو امن و امان قائم ہوا ہے اس کو خدا نخواستہ نقصان نہ پہنچا سکیں۔

ضرورت اس امر کی ہے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کا آغاز کیا جائے تاکہ گداگروں کے بھیس میں کوئی امن دشمن شہر میں داخل ہوکر اپنے مذموم مقاصد حاصل نہ کرسکے۔


اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں