آپ کے خیال میں ایب نارملیٹی کیا ہے ؟ شاید ایک ایسا شخص جو ہمارے معمول سے ہٹ کر ایک الگ دنیا بسا لیتا ہے ، اپنے لیے اپنی پسند کی زندگی اختیار کرتا اور اسے ہی اپنا معمول کہتا ہے ۔ اپنے معمول کی زندگی میں نے اس لئےکہا کہ اس شخص کی یہ زندگی اس کے لئے تو روٹین کی زندگی ہی ہوتی ہے. ہاں !ہمارے لئے مختلف ہوتی ہے ، یعنی ایبنارمل لوگ ایسے لوگ جن کی زندگی ہم سب سے مختلف اور الگ ہوتی ہے یا طرز عمل ایسا ہوتا ہے جس پر معاشرے کی حدود کے مطابق کئی سوالیہ نشان ہوتے ہیں اور ہم ان کی مخالفت بھی اسی بنا پر کرتے ہیں کہ ان کی سوچ کا انداز ہم سے مختلف ہوتا ہے۔
توثابت ہوا کہ ہمارا معاشرہ کئی ایبنارمل اور کئی نارمل لوگوں سے بھر اپڑا ہے ۔ ہم شاید ان لوگوں کو نارمل سمجھتے ہیں جو لگی بندھی روٹین کے ساتھ جڑے رہنا پسند کرتے ہیں ، صبح سویرے بیدار ہونا ، اخبار کو ایک نظر دیکھ کر یہ کہہ دینا کہ پاکستان تو بہت ہی برا ہے ، یہاں تو بہت کرپشن ، لاقانونیت ، لوٹ مار اور بدانتظامی ہے ۔
ایسے افراد جن کے منہ سے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے لئے یہی سننے کو ملتا ہے کہ اب کیا کر سکتے ہیں کوئی نہ کوئی تو ملک کا تحفظ کرے گا ، یا یہ کہ لوگ فوج میں جاتے ہی اسی لئے ہیں کہ ان کا کام ہی ملک کی خاطر جانیں قربان کرنا ہے ۔ایسے نارمل افراد جن کے لئے شدت پسندی کے واقعات میں شہیدہونے والے افراد کے لئے سوائے افسوس کے کچھ نہیں ہوتا اور جو شاید اتنے بے حس بھی ہوتے ہیں کہ کچھ کہنا بھی نہیں چاہتے ۔
ایسے نارمل افراد جو ہمیشہ یہ سوچتے ہیں کہ یہاں تو آوے کا آور ہی بگڑا ہوا ہے تو کہیں کسی باہر کے ملک میں سیٹل ہو جانا چاہیے اور باقی کی زندگی چین و سکون سے وہیں گزار دینی چاہیے ، وہ ہی لوگ جو نارمل ہیں اور یہ سوچتے ہیں کہ کوئی حرج نہیں اگر گھر کا کوڑا کرکٹ باہر پھینک دیا جائے تو خاکروب کا تو کام ہے ناں کہ وہی صفائی کرے ۔
دوسری طرف ہیں ہم جیسےا یبنارمل لوگ جو یہ جانتے ہیں کہ پاکستان کا ایک تو کیا کئی اچھے رخ ہیں ۔ یہاں کھیت کھلیان بھی ہیں تو کہیں خوب صورت وادیاں بھی ہیں ، طرح طرح کے لذیذ کھانے ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی معمولی نوکری یا کاروبار کرنے کی گنجائش ہے بشرطیکہ کہ ہم اس کے لئے تیار ہیں ، یہ ایبنارمل لوگ ہی ہیں جو پاکستان کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں ، جو کسی معذور کو کانا ، لولا یا لنگڑا کہہ کر نہیں پکارتے ، ایسے لوگ اپنی گلی محلوں کی صفائی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ جو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں ۔
جو یہ جانتے ہیں کہ کرپشن کو کسی طرح بڑی سطح پر تو نہیں روک سکتے لیکن اپنے تئیں اپنے لیول پر ایک روپے کی بھی رشوت نہیں لیتے ، ناپ تول میں کمی نہیں کرتے اور کسی قسم کی کرپشن کا بھی حصہ نہیں بنتے ۔
شاید یہ ایبنارمل لوگ ابھی بھی اس ملک کا حصہ ہیں اور انہی کی وجہ سے ملک کا وقار قائم ہے کیونکہ ایبنارمل انسان صرف وہ نہیں ہوتاجسے ذہنی عوارض لاحق ہوں ، بلکہ ایسے افراد بھی ایبنارمل ہوتے ہیں جن کی سوچ روایت سے ہٹ کر جدت پسندی اور روشن خیال کی ترجمانی کرتی ہے ۔