The news is by your side.

چائے والا اور اس کے خواب

اسلام آباد کا ایک چائے والا آج کل انٹرنیٹ کے افق پر چھایا ہوا ہے۔ یہ بات تو اب تک اس نیلی آنکھوں والے چائے والے تک بھی پہنچ گئی ہے کہ اس کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر بم بن کر گری ہے اور کافی تباہی مچاچکی ہے۔ صرف پاکستان میں ہی نہیں ، یہ چائے والا تو انڈیا میں بھی ٹویٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ یہ سن کر بالکل حیرت نہیں ہوئی کہ اس تصویر کے پیچھے لوگ اس چائے والے کو حمزہ علی عباسی اور فواد خان کا متبادل بھی قرار دے رہے ہیں۔کچھ نیوز چینلز نے اپنے رپورٹرز کو بھی اسلام آباد کے اتوازر بازار میں اس جاذبِ نظر چائے والے کو ڈھونڈنے کی ڈیوٹی پر مامور کر دیا اور پھر آخرِ کار سوشل میڈیا کی حالیہ سلیبرٹی یعنی چائے والا انہیں مل ہی گیا۔ ارشد خان نامی یہ چائے والا ویسا ہیرو تو نہ نکلا جتنا وائرل ہونے والی اپنی تصویر میں لگ رہا تھا۔ لیکن اس سے ہمیں کیا؟بھئی ہیروز کے لئے بھی ہیرو بننے میں اتنی ہی کشش کافی ہوتی ہے، باقی کیمرا اپنا کمال دکھا دیتا ہے۔

سوشل میڈیا پراس وقت لڑائی صرف چائے والے کو خوبصورت ثابت کرنے والوں اور اسے ایک معمولی شکل کا عام انسان بتانے والوں کے درمیان ہی نہیں ہو رہی۔ بلکہ پاکستان اور بھارت کی ٹویٹر والی قوم بھی اس چائے والے کو لے کر ایک دوسرے پر طنز کے نشتر برسا رہی ہے۔ کوئی چائے والے کو وزیرِ اعظم بنتا دیکھ رہا ہے۔ کسی کی نظر میں یہ چائے والا جلد ہی کسی پروڈیوسر کی شکاری نگاہوں کو بھا جائے گا اور پھر بھارتی فلموں یا پاکستانی ڈراموں میں جلوہ گر ہونے سے اسے کوئی نہیں روک پائے گا۔ واہ واہ! ہماری عوام کی پیشنگوئیاں۔۔

چائے والا راتوں رات سوشل میڈیا کا سپراسٹاربن گیا

کچھ انتہائی فارغ لوگ کوک سٹوڈیو سے (بالخصوص لڑکوں میں) شہرت پانے والی خوبصورت اور باصلاحیت گلوکارہ مومنہ مستحسن سے ایک وائرل فوٹو سے لڑکیوں میں مشہور ہونے والے اس بے چارے چائے والے ارشد خان کا موازنہ صرف اس لیے کر رہے ہیں تاکہ پتا لگا سکیں کہ اصل میں لڑکے زیادہ ٹھرکی ہیں یا لڑکیوں نے چائے والے کی خوبصورتی کے قصے بیان کر کے خود کو ٹھرک پن کی کسی اونچی کیٹگری میں شامل کر لیا ہے۔ گویا سب نے مل جل کر تہیہ کر لیا ہے کہ زندگی کی جتنی مرضی بہاریں گزار لیں، (وڈے نئیں ہونا)۔۔

خیر چائے والے کو اس سے کیا کہ کوئی کیا کہہ رہا ہے کیوں کہہ رہا ہے؟ وہ تو اچانک اہمیت ملنے پر خوش بھی ہے اور پریشان بھی۔۔ کہ یہ کیسا جادو چل گیا ہے کہ ارد گرد کی دنیا ہی بدلتی نظر آ رہی ہے۔ جن لوگوں سے ہمیشہ یہی سنا کہ خان دو کپ چائے لانا۔ چینی روک کے، اور پتی ٹھوک کے۔۔ وہی آج آ کر سیلفیاں بنا رہے ہیں اور اسے اسی کی فوٹو دکھا رہے ہیں۔

اب تو ٹی وی کے رپورٹرز بھی آ گئے۔ سوال پوچھا۔۔ چائے والے۔۔ تمہیں پتا بھی ہے تم کتنے مشہور ہو گئے ہو، لڑکیاں دیوانی ہوئی جا رہی ہیں تمہاری تصویر دیکھ کر۔۔ چائے والا تو شرما کر مسکرا دیا لیکن پیچھے کھڑے اس کے دوستوں کی بھی ہنسی چھوٹ گئی۔ بولا ، صبح سے کوئی تیس چالیس لڑکیاں میری ویڈیو بنا کر چلی بھی گئی ہیں۔ پوچھا آپ کو فلموں میں کام کرنے کی آفر آئی تو کیا جاؤ گے۔ چائے والے کا دل زور سے دھڑکا۔ بولا۔ ہاں جائیں گے۔

ارشد خان المعروف چائے والا نے اب تک نجانے کتنے سپنے دیکھ لئے ہوں گے اور ان معصوم سے سپنوں میں کترینہ کیف کے ساتھ ایک آدھی فلم بھی شوٹ کر ہی لی ہو گی۔ بے چارے کو یہ نہیں پتا کہ یہ سوشل میڈیا اور نیوز چینلز کی چار دن کی چاندنی ہے پھر اندھیری رات بھی ہو سکتی ہے۔ ایک دن پوسٹ کرتے ہیں دو دن ٹرینڈ کرتے ہیں چوتھے دن نئی کہانی مل جاتی ہے۔کچھ اور نہیں ہم امید تو کر سکتے ہیں کہ کوئی نئی کہانی آنے سے پہلے اس چائے والے کی کہانی میں بھی کوئی نیا ٹوئسٹ آئے اور ہم بھی چائے والے کی ترقی کے سفر پر ایک کہانی اور لکھ سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
شاید آپ یہ بھی پسند کریں