The news is by your side.

دیواریں گرائیے ‘ پل بنائیے

کہتے ہیں کہ دو بھائیوں کے زرعی فارم ان کے خوب صورت دلوں کی مانند بھی ایک ساتھ تھے اور محبت و اتفاق کی وجہ سے ان کے مابین کسی بڑے تنازعے نے کبھی جنم نہیں لیا تھا ۔ لیکن ایک دن قسمت کی ستم ظریفی کہ معمولی سی چپلقش کی وجہ سے جھگڑا بڑھتے بڑھتے بڑھ گیا اور وہ دونوں ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کے بھی روادار نہیں رہے ۔خیر نتیجہ یہ ہوا کہ ایک بھائی نے راتوں رات ایک گہرا گڑھا دونوں فارم ہائوسز کے بیچوں بیچ کھود دیا اور اگلے دن ایک ترکھان کو بلایا کہ دونوں فارم ہاؤسز کے مابین کافی اونچی دیوار تعمیر کر دے ۔

المختصر ترکھان کی مہارت اور معاملہ فہمی دیکھیں کہ اس نے اگلے روز وہاں پر دیوار کی بجائے ایک پل بنا دیا اور دونوں بھائی پھر سے دوست بن گئے ۔
آج ہم اپنے اردگرد نظر دوڑائیں تو نفرتوں کی دیواریں تو بہت نظر آتی ہیں مگر محبتوں کے پل کہیں دکھائی نہیں دیتے ۔ ہم انسان اب ایک بھیانک روپ دھار چکے ہیں کیونکہ ہم نفرت کا اظہار تو فورا کر دیتے ہیں لیکن محبت کا اظہار کرنے کے لئے ہماری ڈکشنری میں کوئی ایک لفظ بھی نہیں ملتا ۔

اصل میں خود کو درست اور باقی سب کو غلط سمجھنے کے فلسفے نے ہمیں حقیقت سے دور کر دیا ہے ، اسی کاملیت پسندی کے شوق کا یہ نقصان ہوا ہے کہ ہم اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں کو انسان کے بجائے فرشتہ سمجھنے لگے ہیں اور ان سے بہت سی توقعات وابستہ کرنے لگے ہیں جو شاید ہم خود بھی کبھی پوری نہیں کر سکتے ۔

اپنے خوب صورت رشتوں کو ہم اپنے الفاظ سے، اپنے طرزعمل سے آلودہ کر دیتے ہیں۔ وقت گذر جاتا ہے اور اپنے روٹھے ہوئے پیارے رشتوں کو نہیں مناتے ۔ اپنی خود ساختہ انا کے خول میں بند رہتے ہیں ، تو آئیے ناں آج ان انا کے بتوں کو توڑ کر محبتوں کے ، خلوص کے پل بنائیں ، ہمیں نفرتوں کی بجائے رواداری ، برداشت ، محبت ، اخلاص ، پیار کے پل بنانے کی ضرورت ہے ۔

ہم سیاسی جماعتوں کے قائدین کو تو بہت نصیحتیں کرتے ہیں کہ ان کو چاہیے کہ آپس میں اتحاد سے رہیں اور کسی بھی قسم کے اختلاف سے باز رہیں جبکہ یہ سب کچھ ہم سب کی زندگی میں بھی تو ضروری ہے ۔شاید اب بھی ہمارے پاس وقت ہے کہ خود سے محبت کرنے والوں کو صدا دے دیں شاید کوئی ہماری جانب سے پکار کا ہی منتظر ہو۔


اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں